وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے پاکستان گلف تعاون کونسل اینٹی نارکوٹکس کانفرنس کے وفود کے سربراہان کی ملاقات ہوئی ہے۔
جمعے کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کانفرنس میں شرکت پر متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، قطر، کویت، بحرین اور عمان کے وفود کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں متحدہ عرب امارات کے اینٹی نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر سعید عبداللہ السعوید سمیت سعودی عرب کے ڈی جی نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ میجر جنرل سعد بن سعود الاجمی، عمان پولیس کے ڈی جی نارکوٹکس بریگیڈئر محمد صالح علی راشد، بحرین کے ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ لیفٹیننٹ کرنل محمد خالد، کویت کے ڈائریکٹر آپریشنز کرنل نصیر بدر اور جی سی سی، سی آئی سی سی ڈی کے ڈائریکٹر بریگیڈئر عیسیٰ سعید شامل تھے۔
مزید پڑھیں
-
متحدہ عرب امارات پاکستان کرکٹ کا ہوم گراونڈ رہے گاNode ID: 271101
بیان کے مطابق تمام مندوبین نے انسداد منشیات کے سلسے میں حکومت پاکستان سے مکمل تعاون کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں رواں سال کے آخر تک پاکستان جی سی سی ممالک کے نارکوٹکس کے وزراء کا اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ رواں سال کے آخر تک منشیات کے سدباب کے لیے جی سی سی وزرا کے ساتھ ایک ہی فورم پر بڑے فیصلے لیے جائیں گے، باہمی تجاویز کی روشنی میں مؤثر حکمتِ عملی بنانے میں مدد ملے گی۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ جی سی سی کے تمام ممالک ہمارے لیے نہایت قابلِ احترام ہیں، ہم نے ماضی میں بھی مشترکہ آپریشن کیے ہیں اور آئندہ بھی تعاون جاری رکھیں گے۔