سعودی وزیرِ دفاع شہزادہ خالد کی ایران کے سپریم لیڈر سے ملاقات
جمعرات 17 اپریل 2025 12:29
وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبد العزیز تہران میں ایران کے سپریم لیڈر ملاقات کی۔ ( فوٹو: روئٹرز)
سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے جمعرات کو تہران میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔
عرب نیوز کے مطابق ملاقات کے دوران شہزادہ خالد نے شاہ سلمان کا خط پہنچایا اور مملکت کی قیادت کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام دیا۔
شہزادہ خالد نے ایکس پر لکھا کہ ملاقات میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی بات چیت ہوئی۔
قبل ازیں سعودی عرب کے وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبد العزیز اعلٰی قیادت کی ہدایت پر سرکاری دورے پر تہران پہنچ گئے تھے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق تہران میں ایران کی اعلٰی قیادت سے ملاقاتوں کے دوران دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کے فروغ اور مشترکہ دلچسپی کے متعدد امور پر بات چیت ہوئی۔
شہزادہ خالد بن سلمان کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان نئے سفارتی رابطوں کے بعد ہو رہا ہے۔
پیر کے روز، سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ٹیلیفون پر بات چیت کی، جس دوران انہوں نے علاقائی صورتحال اور ان سے نمٹنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔