Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
بدھ ، 11 جون ، 2025 | Wednesday , June   11, 2025
بدھ ، 11 جون ، 2025 | Wednesday , June   11, 2025

لائیو: صارفین کو گمراہ کرنے کا الزام، ہنڈائی موٹرز پر ڈھائی کروڑ روپے جرمانہ

نوٹ: اس پیج کو مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا ہے
اہم نکات:
  • وفاق صوبوں کے وسائل پر قبضہ کر رہا ہے: مولانا فضل الرحمان
  • نیپرا کی الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ سٹیشنز کے لیے 22 روپے فی یونٹ کمی
  • کویت کی پاکستان کے لیے تیل کریڈٹ سہولت میں دو سال کے لیے توسیع
  • بلوچستان میں شر پسند عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے: سرفراز بگٹی

اسلام آباد میں ژالہ باری اور طوفان، گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے
بدھ کی سہ پہر اسلام آباد میں بارش، ژالہ باری اور تیز ہواؤں کے باعث گرمی کا زور تو ٹوٹ گیا، لیکن اس کے ساتھ شہریوں کے معمولاتِ زندگی بھی متاثر ہوئے۔
اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز، نواحی علاقوں اور ضلع راولپنڈی میں ژالہ باری،آندھی اور طوفان کے باعث شہریوں کی بیش قیمت گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور باڈی پر ڈینٹ پڑ گئے۔ اس کے علاوہ مختلف مقامات پر درخت بھی گر کر سڑکوں پر آ گئے۔

صارفین کو گمراہ کرنے کا الزام، ہنڈائی موٹرز پر ڈھائی کروڑ روپے جرمانہ
کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان نے نشاط ہیونڈائی موٹرز پر معروف ایس یو وی ’ہنڈائی ٹوسان‘ کی لانچ کے موقع پر گمراہ کن مارکیٹنگ کرنے پر کمپنی پر 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
نشاط ہنڈائی نے 2020 میں سوشل میڈیا پر ایک بڑے لائیو ایونٹ میں ٹوسان گاڑی متعارف کرائی اور دعویٰ کیا کہ اس کی ’تعارفی قیمت" 48 لاکھ 99 ہزار روپے اور دوسرے ماڈل کے لیے 53 لاکھ 99 ہزار روپے ہوگی۔ تاہم کمپنی کی جانب سے یہ خصوصی قیمتیں صرف 24 گھنٹے سے بھی کم وقت کے لیے دستیاب رہیں۔
اس حوالے سے انکوائری کے بعد کمیشن نے قرار دیا کہ یہ کمپنی کی جانب سے یہ حکمت عملی صارفین کے لیے گمراہ کن اور غیر منصفانہ تھی۔

بلوچستان میں شر پسند عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے: سرفراز بگٹی

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ترقی کے ثمرات بلوچستان کے عوام تک پہنچیں گے ۔صوبے میں ترقی اور خوشحالی کے ماحول میں شر پسند عناسر کا بیانیہ کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔
بدھ کو اسلام آباد میں وفاقی وزرا کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بہت خوش آئند عمل ہے کہ وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کافائدہ بلوچستان کے عوام کومنتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کچھی کینال اور این25 بلوچستان کی ترقی کے منصوبے ہیں۔
پریس کانفرنس میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور وفاقی وزراء کی جانب سے واضح کیا گیا کہ حکومت بلوچستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سرگرم ہے۔ بلوچستان میں شر پسند عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

کویت کی پاکستان کے لیے تیل کریڈٹ سہولت میں دو سال کے لیے توسیع

کویت نے پاکستان کے لیے تیل کریڈٹ سہولت میں دو سال کے لیے توسیع کر دی ہے۔
بدھ کو وزارت پیٹرولیم کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق کریڈٹ سہولت کویت پیٹرولیم کی جانب سے پی ایس او کو دی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ اسلام آباد میں وفاقی وزیر علی پرویز ملک سے کویت کے سفیر کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم نے کویت و دیگر برادر ممالک کی سپورٹ کی بدولت مشکل معاشی اصلاحات میں کامیابی حاصل کی، پاکستان کے لیے خصوصی رعایت پر کویت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

مائنز اینڈ منرلز بل، وفاق صوبوں کے وسائل پر قبضہ کر رہا ہے: مولانا فضل الرحمان

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مائنز اینڈ منرلز بل پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق صوبوں کے وسائل پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
بدھ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو ہمیں پھر میدان میں آنا ہوگا۔ وفاق کو خود سوچنا ہوگا کہ آئین کے منافی کوئی بل اسمبلی میں نہ آئے۔
انہوں نے کہا کہ معدنیات سے متعلق بل صوبوں سے پاس کروایا جا رہا ہے جو جے یو آئی کو قبول نہیں ہے۔

نیپرا کی الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ سٹیشنز کے لیے 22 روپے فی یونٹ کمی

نیپرا نے حکومتی درخواست منظور کرتے ہوئے الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ سٹیشنز کے ٹیرف میں 22 روپے فی یونٹ کمی کر دی ہے۔
بدھ کو نیپرا کی جانب سے جاری پریس ریلیز جکے مطابق الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ سٹیشنز کا بنیادی ٹیرف 45.55 روپے سےکم کرکے 23.57 روپے فی یونٹ کرنے کی منظوری دی گئی۔
گاڑیوں کے الیکٹرک چارجنگ سٹیشنز کے بنیادی ٹیرف میں 21.98 روپے فی یونٹ کمی کی گئی ہے۔
الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز پر 24.44 روپے کے کیپڈ مارجن ہٹانے کی درخواست بھی منظور کرلی گئی۔

افغانستان میں اب فضا ہے کہ مہاجرین اپنے ملک واپس آ جائیں: افغان قونصل جنرل

پشاور میں تعینات افغان قونصل جنرل حافظ محب اللہ شاکر نے کہا ہے کہ افغان مہاجرین کے لیے افغانستان میں کمیشن بنایا گیا ہے اور پاکستان سے وطن واپسی پر مہاجرین کو تمام تر سہولیات دی جا رہی ہیں۔
بدھ کو پشاور میں پریس کاںفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طورخم بارڈر کے اس پار افغانستان میں کیمپ قائم کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’اگر سچ کہا جائے تو اب فضا ہے کہ افغان مہاجرین اپنے ملک واپس آ جائیں، افغانستان میں اب امن قائم ہے، اسلامی حکومت قائم ہے۔ افغان مہاجرین اپنے ملک میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں اور اپنی زندگی آرام سے گزار سکتے ہیں۔‘

پاکستان کے مختلف علاقوں میں گرمی کی لہر کے بعد بارشوں کا امکان

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ پاکستان کے جنوبی علاقوں میں گرمی کی لہر برقرار رہنے کی توقع ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں آندھی اور بارشوں کا امکان ہے۔
بدھ کو محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے چند علاقوں میں 18 اپریل تک گرمی کی لہر برقرار رہنے، تاہم 16 اپریل کی شام سے ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہوگا جن سے بارشوں کا امکان ہے۔
16 سے20  اپریل کے دوران لاہور اور اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے اور بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔

پاکستان کے 300 طلبا آج زرعی سکالرشپ پر چین جائیں گے: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شعبہ زراعت کی استعداد بڑھانے کے لیے زراعت کے ایک ہزار فارغ التحصیل طلبا کو اعلیٰ تربیت کے لیے سکالرشپ پر چین بھیجنے کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔
 جس میں سے 300 طلبا کو چین بھیجنے کے پہلے مرحلے کے تحت آج وہ چین روانہ ہوں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’چین نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، سعودی عرب، یو اے ای اور قطر ہمارے بہت قریبی دوست ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان چین سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طلبا کے تجربات سے فائدہ اٹھائے گا۔ ہم چین میں نوجوانوں کو بھیجنا چاہتے تھے کیونکہ وہ ملک کی امید ہیں۔‘

پاکستان کی اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں مستقل ارکان کی نشستوں میں اضافے کی مخالفت

پاکستان نے ایک بار پھر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مستقل ارکان کی نشستوں میں اضافہ کرنے کی مخالفت کی ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق سلامتی کونسل میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان اقبال جدون نے بین الحکومتی مذاکرات کے چوتھے غیر رسمی اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ میں نئے مراکز کے قیام کا کوئی استحقاق نہیں اور یہ بلا جواز ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان یقین رکھتا ہے کہ اقوام متحدہ کی طرف سے مزید غیر مستقل ارکان کی تشکیل کے لیے اتفا ق رائے سے مساوی جغرافیائی نمائندگی کی تجویز بہترین آپشن ہے۔

حکومت خلیجی ریاستوں کے ساتھ انسداد منشیات میں تعاون بڑھانے کے لیے تیار، محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت خلیجی ریاستوں کے ساتھ انسداد منشیات کے ہر شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہے۔
بدھ کو پاکستان، خلیج انسداد منشیات کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک کے وفود کی یہاں موجودگی ہمارے مشترکہ عزم کی مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم انٹیلی جنس شیئرنگ، مشترکہ تربیت، حقیقی وقت میں رابطہ، اور فرانزک و تکنیکی اشتراک جیسے میدانوں میں اشتراک کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ خلیجی ممالک کی حمایت اور شراکت داری ہماری کامیابی کی ضمانت ہے۔‘

پی ایس ایل 10، پوائنٹس ٹیبل پر دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ پہلے نمبر پر

پاکستان سپر لیگ 10 میں لاہور قلندرز نے تین اور ملتان سلطانز نے ایک میچ کھیلا ہے جبکہ باقی چار ٹیموں نے ابھی تک دو، دو میچز کھیلے ہیں۔
پوائنٹس ٹیبل پر دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اپنے دونوں میچ جیت کر چار پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ قلندرز دو میں کامیابی اور ایک میں ناکامی کے بعد چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کی ایک میچ میں فتح اور ایک میں شکست کے ساتھ دو، دو پوائنٹس ہیں اور رن ریٹ کی بنیاد پر بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر براجمان ہیں۔ سلطانز پانچویں اور زلمی آخری پوزیشن پر ہیں۔

ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر، پاکستان کا چوتھا میچ کل تھائی لینڈ کے خلاف

آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر میچز میں پاکستان کی ویمن ٹیم چوتھا میچ کل تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گی
ڈے اینڈ نائٹ میچ قذافی سٹیڈیم میں دوپہر دو بجے شروع ہوگا۔ پاکستان کی ٹیم آخری میچ بنگلہ دیش کے خلاف 19 اپریل کو کھیلے گی۔
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم آئرلینڈ، سکاٹ لینڈ اور ویسٹ انڈیز کو پہلے تینوں میچز میں شکست دے چکی ہے۔ دو ٹاپ ٹیمز آئی سی سی  ورلڈ کپ  کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

اسلام آباد ،خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

آج صبح اسلام آباد، خیبر پختونخواہ اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی۔
پاکستان کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز ہندو کش ریجن اور گہرائی 89 کلومیٹر تھی۔

 

شیئر: