لائیو: ’سمندر پار پاکستانی ہمارا اثاثہ‘، پہلی مرتبہ ایک ماہ میں چار ارب ڈالر ترسیلاتِ زر موصول
اہم نکات
-
اسلام آباد میں تین روزہ اوورسیز پاکستانیز کنونشن کی افتتاحی تقریب
-
ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ، زرِمبادلہ کے ذخائر بڑھ گئے
-
امریکی اراکین کانگریس کے دورہ پاکستان پر تاثرات
-
ضم شدہ اضلاع کے فنڈز کے لیے وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کا وفاق کو خط
-
پنجاب میں غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکی شہریوں کے خلاف مہم
راولپنڈی: فاسٹ فوڈ چین کی برانچ میں ہنگامہ آرائی، مقدمہ درج

راولپنڈی کے تھانہ کینٹ کے علاقے میں فاسٹ فوڈ چین کی برانچ میں ہنگامہ آرائی اور گالم گلوچ کرنے پر برانچ مینیجر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ڈنڈا بردار 10 سے 12 افراد برانچ میں داخل ہو گئے اور گالم گلوچ کی، واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملوث ملزمان کی شناخت کر لی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا، انٹرنیشنل فوڈ چینز کی برانچز پر پولیس نفری تعینات کی گئی ہے۔
ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ، پاکستان کے زرِمبادلہ کے ذخائر بڑھ گئے
زرمبادلہ کے ملکی ذخائر میں جاری مالی سال کے آغازسے اب تک مجموعی طور پر 1.75 ارب ڈالرکا اضافہ ہوا۔ سٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ مالی سال کے اختتام پر زرمبادلہ کے ملکی ذخائر کا حجم 13.95 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جس میں ایس بی پی کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 9.39 ارب ڈالر اور بینکوں کے پاس 4.60 ارب ڈالر تھا۔
گزشتہ ماہ ترسیلاتِ زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا اور اوورسیز نے چار ارب 10 کروڑ ڈالر پاکستان بھیجے جو گزشتہ سال اسی ماہ کے مقابلے میں 37 فیصد زیادہ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں پہلی مرتبہ کسی بھی ایک ماہ میں 4 ارب ڈالر کی حد عبور کرنے پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ ’سمندر پار مقیم پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں۔‘
گزشتہ ہفتے کے اختتام پر زرمبادلہ کے ملکی ذخائر کا حجم 15.75 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جس میں سٹیٹ بینک کے ذخائر کاحجم 10.69 ارب ڈالر اور بینکوں کے پاس 5.05 ارب ڈالر ہے۔ جاری مالی سال کے آغازسے اب تک سٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائرمیں مجموعی طور پر1.31 ارب ڈالر اوربینکوں کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 446 ملین (44 کروڑ 60 لاکھ) ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔
نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی بندش سے 42 ارب روپے کا نقصان

نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی بار بار بندش سے قومی خزانے کو اربوں کے نقصان کا سامنا ہے۔
پیر کو وفاقی وزیر برائے آبی وسائل معین وٹو نے قومی اسمبلی میں تحریری جواب جمع کراتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کی بندش سے قومی خزانے کو سالانہ 42 ارب روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
وفاقی وزیر کے جواب کے مطابق ’نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ہیڈریس ٹنل میں خرابی کے باعث مئی 2024 سے بند ہے۔ ڈیم کی سائٹ سے 9.8 کلومیٹر دوری پر ہیڈریس ٹنل میں آنے والی رکاوٹ نے پراجیکٹ کو دوبارہ بند کر دیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کی بحالی کے لیے ٹھیکیدار کے ساتھ اس وقت بات چیت جاری ہے۔ ’منصوبے کی بندش کی تحقیقات کے لیے وفاقی حکومت نے تین مختلف کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔‘
امریکی کانگریس کے وفد کا کرتارپور راہداری کا دورہ

امریکی کانگریس مین تھامس رچرڈ سوازی اور جوناتھن جیکسن نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کے ہمراہ بیساکھی کے تہوار پر کرتار پور راہداری و گوردوارہ صاحب کا دورہ کیا۔
پیر کو دورے کے موقع پر زیرو پوائنٹ پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’وزیر داخلہ محسن نقوی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہیں کہ وہ ہمیں کرتار پور لے کر آئے۔‘
امریکی گانگریس مین تھامس رچرڈ سوازی نے کہا کہ کرتار پور آ کر انتہائی خوشی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیساکھی کے موقع پر سکھ برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ’کرتار پور آ کر بہت پر امید ہوا ہوں، اگر انڈیا اور پاکستان اس ایک مسئلے پر مل کر کام کر سکتے ہیں تو اُمید کی جا سکتی ہے کہ مستقبل میں باہمی تعلقات میں بھی بہتری آئے گی۔‘
پاکستان اور مراکش کی سپیشل سروس فورسز کی فوجی مشقیں

پاکستان اور مراکش کی افواج کے درمیان انسداد دہشت گردی کے سلسلے میں مشترکہ دوطرفہ فوجی مشق 2025 کا آغاز سپیشل آپریشنز سکول چراٹ میں ہو گیا ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مشق میں پاکستانی فوج کا سپیشل سروسز گروپ اور مراکش آرمی کی سپیشل فورسز حصہ لے رہی ہیں۔
مشقوں کی افتتاحی تقریب میں کمانڈنٹ سپیشل آپریشن سکول چراٹ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
مشقوں کا مقصد مشترکہ تربیت کے ذریعے پیشہ ورانہ مہارتوں کو نکھارنا اور دوست ممالک کے درمیان تاریخی فوجی تعلقات کو بڑھانا ہے۔
لکپاس میں بلوچستان نیشنل پارٹی کی آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد

ضلع مستونگ کے علاقے لکپاس میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس میں جمعیت علمائے اسلام، تحریک انصاف، اے این پی، نیشنل پارٹی، بی این پی عوامی، جمہوری وطن پارٹی، پی ٹی ایم، سمالانی قومی تحریک اور تاجر تنظیوں کے رہنما شریک ہوئے۔
میزبان بی این پی مینگل نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں بلوچستان کی موجودہ صورتحال پر مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر مشاورت کی گئی۔
کانفرنس سے خطاب میں مقررین نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں کے حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔
مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا کہ بلوچستان میں وسیع سیاسی مشاورت اور اتحاد کی ضرورت ہے تاکہ مسائل کا حل تلاش کیا جا سکے۔
اسلام آباد میں تین روزہ اوورسیز پاکستانیز کنونشن کا آغاز

تین روزہ اوورسیز پاکستانیز کنونشن کا آغاز اسلام آباد میں ہو گیا ہے۔
افتتاحی سیشن سے خطاب میں قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کے بارے میں وہی تاثر دوسرے ملکوں میں ہوتا ہے جو اوورسیز پاکستانی وہاں بات کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’اس پر مباحثہ ہونا چاہیے کہ دوہری شہریت والے پاکستانیوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت ہونی چاہیے، اس کے لیے اوورسیز پاکستانیوں کو اپنی جماعتوں پر زور دینا چاہیے۔‘
ایاز صادق نے کہا کہ ’جتنی ہماری ایکسپورٹ ہے اس سے زیادہ رقم اوورسیز پاکستانی بھیجتے ہیں۔‘
کنونشن میں سپیشل انوسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس ائی ایف سی) کی جانب سے بریفنگ دی جائے گی۔
کنونشن میں ایس ائی ایف سی، وزارت خارجہ، وزارت تجارت، نادرا او پی ایف، سٹیٹ بینک اور ایف بی ار کی سائیڈ میٹنگز منعقد ہوں گی۔
کنونشن میں وزیراعظم پاکستان بھی شریک ہوں گے جبکہ آرمی چیف کی جانب سے شرکا کے اعزاز میں عشائیہ دیا جائے گا۔
اسلام آباد میں گاڑیوں کی ٹرانسفر فیس میں دو گنا سے زیادہ اضافہ

اسلام آباد میں گاڑیوں کی ٹرانسفر فیس میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی فیس 14 اپریل 2025 سے نافذ العمل ہو گئی ہیں۔
اسلام آباد میں 1000 سی سی تک کی گاڑی کی ٹرانسفر فیس 1200 سے بڑھا کر 2750 روپے کر دی گئی ہے جبکہ 1800 سی سی تک کی گاڑیوں کی فیس 2000 سے بڑھا کر 5500 روپے کر دی گئی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق
1800 سی سی سے زائد گاڑیوں کی فیس 3000 سے بڑھا کر 11000 روپے ہو گئی۔
پہلی بار الیکٹرک گاڑیوں کی ایک سے دوسرے مالک کے نام پر منتقلی کی فیس بھی عائد کر دی گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام فیسیں وزارتِ خزانہ کے مقررہ اکاؤنٹ میں جمع کروائی جائیں گی۔
امریکی اراکین کانگریس کے دورہ پاکستان پر تاثرات

پاکستان کے دورے پر آئے امریکی اراکین کانگریس نے اپنے دورے کو کامیاب اور مستقبل کے حوالے سے اہم قرار دیا ہے۔
اراکین کانگریس نے کہا کہ پاکستان میں اعلیٰ سیاسی و عسکری شخصیات سے ملاقاتیں دونوں ملکوں کے تعقات کو مزید مستحکم کریں گی۔
دورے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے رکن کانگریس جیک وارن برگ مین نے کہا کہ ’پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کی اہمیت ایک حقیقت ہے اور اس کو مستقبل میں کم نہیں سمجھا جاسکتا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم یہاں مخصوص شعبوں میں کام کر رہے ہیں اور شراکت داری کو فروغ دے رہے ہیں، اس شراکت داری میں معدنیات ایک اہم شعبہ ہے۔‘
کانگریس مین تھامس رچرڈ سوازی نے کہا کہ پاکستان کا دورہ شاندار رہا، ہم پاکستانیوں کی میزبانی کے شکر گزار ہیں۔‘
وفاق نے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ کے خط کا جواب نہیں دیا: بیرسٹر سیف

صوبائی حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ کی جانب سے وفاق کو لکھے گئے خط کا تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
پیر کو پشاور سے جاری کیے بیان میں ترجمان نے کہا کہ ’خط میں انضمام کے بعد ضم شدہ اضلاع کے فنڈز خیبر پختونخوا کو منتقل کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ قبائلی اضلاع باقاعدہ طور پر خیبر پختونخوا کا حصہ بن چکے ہیں۔‘
بیرسٹر سیف کے مطابق ضم شدہ اضلاع کے فنڈز بھی خیبر پختونخوا حکومت کو منتقل کیے جائیں۔ ’ضم اضلاع کے فنڈز صوبے کو منتقل نہ کرنا آئین اور قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔‘
اُن کا کہنا تھا کہ وفاق نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے خط پر مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔
غیرقانونی مقیم غیرملکی باشندوں کے انخلا کی مہم جاری

پنجاب پولیس کے سربراہ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ لاہور سمیت صوبہ بھر سے اب تک 9809 غیر قانونی مقیم افراد ڈی پورٹ کروائے جا چکے ہیں۔
پیر کو آئی جی کی جانب سے جاری کیے بیان کے مطابق مہم کے دوران 10357 سے زائد غیر قانونی مقیم باشندوں کو ہولڈنگ سنٹرز پہنچایا گیا ہے۔
’دیگر ممالک کی طرح بین الاقوامی قوانین کے تحت ڈی پورٹیشن پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ وفاقی حکومت، حساس ادارے غیرقانونی مقیم باشندوں کی ڈی پورٹیشن مہم کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔‘