Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
منگل ، 10 جون ، 2025 | Tuesday , June   10, 2025
منگل ، 10 جون ، 2025 | Tuesday , June   10, 2025

پاکستان کے مختلف علاقوں میں اتوار سے ’ہیٹ ویو‘ جیسی صورتحال کی پیشگوئی

محکمۂ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اپنائیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے محکمۂ موسمیات نے کل اتوار سے ملک کے بیشتر حصوں میں ہیٹ ویو جیسی صورتحال کی پیشگوئی کی ہے اور شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ گرمی کی لہر سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں۔
میٹ آفس نے اپنی پریس ریلیز میں امکان ظاہر کیا ہے کہ 13 اپریل سے ایک ہائی پریشر سسٹم بالائی ماحول کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے جس کی وجہ سے ملک کے بیشتر علاقوں میں ہیٹ ویو جیسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 14 اپریل سے ملک کے جنوبی حصّے میں ’شدید گرمی کی لہر‘ جیسی صورتحال کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 13 سے 18 اپریل تک سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں دن کا درجۂ حرارت معمول سے چھ سے آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
اسی عرصے کے دوران وسطی اور بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں دن کا درجہ حرارت معمول سے چار سے چھ ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) نے بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ گرمی کی لہر سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ دن کے وقت براہِ راست سورج کی روشنی سے بچیں اور زیادہ سے زیادہ پانی پیئیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پاکستان کے شمالی علاقوں میں درجۂ حرارت بڑھنے سے 14 سے 18 اپریل تک برف پگھل سکتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام متعلقہ حکام کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور ہیٹ ویو کی وجہ سے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔
شدید گرمی آپ کی صحت کو پانچ طریقوں سے کیسے متاثر کرتی ہے؟


گرمی انسانی جسم میں پانی کی کمی کر سکتی ہے اور اس سے آپ کو چکر آ سکتے ہیں۔ (فائل فوٹو: فزیشن پریمیئر)

1: دل کی دھڑکن کا تیز ہونا
جب آپ گرمی محسوس کرتے ہیں تو آپ کے دل کی دھڑکن تیز ہو جاتی ہے۔ آپ کے جسم کو زیادہ درجہ حرارت میں زیادہ مشقت کرنی پڑتی ہے، اس کے نتیجے میں دل کی دھڑکن بڑھ سکتی ہے۔
2: چکر آنا
گرمی انسانی جسم میں پانی کی کمی کر سکتی ہے اور پانی کی یہ کمی آپ کے دماغ کے لیے کافی خون حاصل کرنا مزید مشکل بنا سکتی ہے۔ اس سے آپ کو چکر آ سکتے ہیں۔
3: فشار خون میں کمی
گرمیوں میں مسلسل پسینے کی وجہ سے جسم میں فلیوڈز اور الیکٹرولائٹس کم ہو جاتے ہیں۔ گرمی آپ کے خون کی نالیوں کو بھی پھیلا دیتی ہے۔ یہ فشار خون میں کمی کا باعث بن سکتا ہے۔
4: تھکن
شدید گرمی سے آپ تھکاوٹ کا شکار ہو سکتے ہیں اور متلی شروع ہو سکتی ہے۔ اس تھکاوٹ کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے کیونکہ اگر یہ ٹھیک نہ ہو تو ہیٹ سٹروک ہو سکتا ہے۔
5: جسم میں پانی کی کمی
ضرورت سے زیادہ پسینہ پانی کی کمی کا باعث بن سکتا ہے۔ پانی کی کمی سر درد، چکر آنا، غنودگی، پیشاب میں کمی، منہ خشک، فشار خون میں کمی اور بہت سے ایسے مسائل کی وجہ بن سکتی ہے۔

بچاؤ کے لیے کیا کریں

1: زیادہ پانی پیئیں اور کیفین سے پرہیز کریں
2: بچوں اور جانوروں کو گاڑیوں یا کسی تنگ جگہ پر نہ چھوڑیں
3: گھر سے باہر کی سرگرمیاں محدود کریں، خاص کر شدید گرمی کے اوقات میں
4: اگر آپ کو گرمی سے ہونی والی بیماریوں کی علامات نظر آئیں تو ڈاکٹر کی مدد لیں
5: اپنی جلد کو بچانے کے لیے سن سکرین کا استعمال کریں
6: اس وقت باہر نکلیں جب گرمی کی شدت کم ہو

 

 

شیئر: