Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

اسرائیل نے سکیورٹی زون میں توسیع کے لیے مشرقی غزہ میں زمینی آپریشن شروع کر دیا

اسرائیلی وزیر دفاع کے مطابق غزہ کے بڑے حصے کو سکیورٹی زون میں شامل کیا جائے گا۔ ۔فوٹو: اے ایف پی
فلسطینی علاقوں میں قائم سکیورٹی زون میں توسیع کے لیے اسرائیلی فوج نے غزہ شہر کے مشرق میں میں نئے زمینی آپریشن کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی فوج نے جمعے کو جاری بیان میں کہا کہ ’گزشتہ چند گھنٹوں میں فوجیوں نے شمالی غزہ کے علاقے شجاعیہ میں زمینی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، تاکہ سکیورٹی زون کو بڑھایا جا سکے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’فوجی اہلکاروں نے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کیا اور حماس کے دہشت گردانہ انفراسٹرکچر کو بھی ختم کیا، بشمول کمانڈ اور کنٹرول سینٹر کے جو حماس کے دہشت گرد، دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد کے لیے استعمال کرتے تھے۔‘
’(فوجی) کارروائی سے پہلے اور دوران، شہریوں کی حفاظت کے لیے فوجی انہیں منظم راستوں کے ذریعے لڑائی والے علاقوں سے نکلنے دے رہے ہیں۔‘
وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے بدھ کو کہا تھا کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیل اپنی عسکری موجودگی کو مزید مضبوط کرے گا تاکہ ’علاقے میں دہشت گردانہ انفراسٹرکچر کو تباہ کیا جائے اور دہشت گردوں سے خالی کروایا جائے۔‘
انہوں نے کہا تھا کہ آپریشن کے ذریعے ’بڑے حصے پر قبضہ کر کے اسے اسرائیلی سکیورٹی زون میں شامل کیا جائے گا۔‘
وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ اسرائیل فوج غزہ کو تقسیم کر رہی ہے اور ’علاقے پر قبضہ‘ کر رہی ہے تاکہ باقی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے حماس پر زور ڈالا جائے۔
اسرائیلی حکومت نے طویل عرصے سے غزہ کے اندر اپنی حفاظتی باڑ کے ساتھ ایک بفر زون برقرار رکھا ہوا ہے اور سنہ 2023 میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے اس میں بہت زیادہ توسیع ہوئی ہے۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ ملک کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے بفر زون کی ضرورت ہے جبکہ فلسطینیوں نے اس اقدام کو ان کی سرزمین پر قبضہ قرار دیا ہے۔ 
اسرائیلی وزیر دفاع نے یہ واضح نہیں کیا کہ اس توسیعی کارروائی میں غزہ کے کن علاقوں پر قبضہ کیا جائے گا۔
ان کا یہ بیان اسرائیل کی جانب سے جنوبی شہر رفح اور قریبی علاقوں کو مکمل طور پر خالی کرنے کے حکم کے بعد سامنے آیا ہے۔

 

شیئر: