استنبول کے میئر امام اوغلو کو مقدمے کی سماعت تک جیل بھیج دیا گیا
استنبول کے میئر امام اوغلو کو مقدمے کی سماعت تک جیل بھیج دیا گیا
اتوار 23 مارچ 2025 15:18
یورپی رہنماؤں نے گرفتاری پر تنقید کرتے ہوئےاسے سیاسی جانبداری قرار دیا ہے۔ فوٹو روئٹرز
ترکیہ کی عدالت نے استنبول کے میئر اکرم امام اوغلو کو بدعنوانی کی تحقیقات کے مقدمے کی سماعت تک اتوار کو جیل بھیج دیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ترکیہ کے سرکاری میڈیا اور دیگر نشریاتی اداروں نے اطلاع دی ہے کہ ’یہ اقدام ملک میں ایک دہائی سے زائد عرصے میں سب سے بڑے مظاہروں کو بھڑکانے کا سبب بن سکتا ہے۔‘
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان کے سب سے بڑے سیاسی حریف امام اوغلو کو عدالت کے فیصلے کے تحت جیل بھیجا گیا ہے۔
اس فیصلے پر اپوزیشن پارٹی، یورپی رہنماؤں اور ہزاروں مظاہرین نے سخت تنقید کرتے ہوئے اسے سیاسی طور پر جانبدار قرار دیا ہے۔
عدالت نے کہا ہے کہ ’امام اوغلو اور کم از کم 20 دیگر افراد کو بدعنوانی کے مقدمے کے سلسلے میں جیل بھیجا گیا ہے جبکہ دہشت گردی سے متعلق ایک اور تفتیش کا فیصلہ ابھی باقی ہے۔‘
امام اوغلو کو بدعنوانی کے مقدمے کے سلسلے میں جیل بھیجا گیا ہے۔ فوٹو: اے پی
استنبول کے میئر اکرم امام اوغلو نے اتوار کو کہا کہ ’وہ جھکنے والے نہیں حالانکہ عدالت نے انہیں کرپشن سے متعلق تحقیقات پر جیل بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
امام اوغلو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ ’میں ثابت قدم ہوں اور جھکوں گا نہیں، ہم سب مل کر ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر جمہوریت پر لگے اس سیاہ دھبے کو مٹائیں گے۔‘