یوم انسداد اسلام فوبیا پر اقوام متحدہ میں تقریب
’اسلاموفوبیا‘ نفرت انگیز ی اور اس کے خطرناک اثرات کی ایک انتہائی تشویشناک مثال ہے‘ ( فوٹو: سبق)
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل شيخ ڈاکٹر محمد بن عبدالكريم العيسى نے بین الاقوامی یومِ انسدادِ اسلاموفوبیا کے موقع پر مرکزی مقرر کے طور پر خطاب کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل کی دعوت اور ان کے ذریعے مسلم اقوام کی نمائندگی تنظیم کے بین الاقوامی وقار اور عالمی اداروں میں اس کے اثر و رسوخ کی عکاسی کرتی ہے۔
یہ دعوت اس بات کا بھی اعتراف ہے کہ تنظیم نے اسلاموفوبیا اور نفرت انگیز بیانات کے خلاف عالمی سطح پر نمایاں کردار ادا کیا ہے اور اس سلسلے میں وسیع پیمانے پر بین الاقوامی اتحاد قائم کئے ہیں۔
اپنے خطاب میں ڈاکٹر محمد بن عبدالكريم العيسى نے اس بات پر زور دیا کہ ’اسلاموفوبیا‘ نفرت انگیز ی اور اس کے خطرناک اثرات کی ایک انتہائی تشویشناک مثال ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ مسئلہ صرف مسلمانوں کو متاثر نہیں کرتا بلکہ معاشروں میں انتہا پسندی اور مذہبی تقسیم کو بھی فروغ دیتا ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ اسلاموفوبیا جدید دساتیر، قوانین اور بین الاقوامی اصولوں میں بیان کردہ جامع شہریت کے تصور کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔
اس کی وجہ سے مسلمانوں کے خلاف جرائم اور نقصانات میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے، جیسا کہ معتبر اعداد و شمار سے ثابت ہوتا ہے۔