Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
پیر ، 16 جون ، 2025 | Monday , June   16, 2025
پیر ، 16 جون ، 2025 | Monday , June   16, 2025

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف کی سعودی سفیر سے ملاقات

وفاقی وزیر اور سعودی سفیر نے حج 2025 کے انتظامات بارے بھی تبادلہ خیال کیا۔ (فوٹو: وزارت مذہبی امور)
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات کی ہے۔
جمعے کو وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وفاقی وزیر سردار محمد یوسف اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی ملاقات سعودی سفارت خانے میں ہوئی۔
سعودی سفیر نے سردار محمد یوسف کو وفاقی وزارت مذہبی امور کا قلمدان سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی۔
انہوں نے وفاقی وزیر کے دوطرفہ تعلقات کی ترویج میں کردار کی تعریف کی۔
نواف بن سعید المالکی کا کہنا تھا کہ امید ہے سردار محمد یوسف کی کاوشوں سے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
انہوں نے سردار محمد یوسف کے سابقہ وزارت کے دور میں پاکستانی حجاج کو فراہم کردہ بہترین سہولیات کو سراہا۔
سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب دونوں برادر اسلامی ممالک ہیں جن کے عوام کے درمیان محبت اور خلوص ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ سابقہ تعلقات کی بنیادوں پر مزید بہتری لاتے ہوئے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو نیا عروج دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر اور سعودی سفیر نے حج 2025 کے انتظامات بارے بھی تبادلہ خیال کیا۔
سعودی سفیر نے سعودی حکومت اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے بہترین حج انتظامات کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کی ہر ممکن کوشش ہو گی کہ حجاج کرام کو ریلیف دیا جائے اور بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔
سعودی سفیر نواف سعید المالکی کا کہنا تھا کہ ’سعودی فرمانروا شاہ سلمان کے لیے پاکستان نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے خود کو پاکستان کا سفیر قرار دیا تھا۔‘
’پاکستان دوسرا گھر ہے، پاکستانی بھائیوں کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔‘

 

شیئر: