اسلام کے ابتدائی دور کی قدیم مسجد ’جواثا‘ کی تعمیرِ نومکمل
اسلام کے ابتدائی دور کی قدیم مسجد ’جواثا‘ کی تعمیرِ نومکمل
جمعرات 13 مارچ 2025 21:39
ابتدائے اسلام میں دوسری نماز جمعہ مسجد جواثا میں پڑھائی گئی تھی( فوٹو ایس پی اے)
مشرقی ریجن کی الاحساء کمشنری میں 7 ہجری کی تعمیر ہونے والی قدیم و تاریخی مسجد ’جواثا‘ کی تعمیرِ نو کا کام مکمل کرلیا گیاہے۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کا تاریخی و قدیم مساجد کی تعمیرِ نو وتزئین کے منصوبے کے دوسرے مرحلے میں عہد رفتہ کی ایک بہت ہی قدیم و تاریخی مسجد جواثا کی تعمیرِ نو اسی انداز میں کی گئی جس طرح اسے روز اول بنایا گیا تھا۔
تاریخی مسجد ’جواثا‘ الاحساء کمشنری میں واقع ہے جہاں اسلام کے ابتدائی دور میں دوسری نماز جعمہ ادا کی گئی تھی ۔ پہلی نماز جمعہ مدینہ منورہ میں قباء محلے میں مسجد جمعہ میں ادا کی گئی تھی جو مسجد قبا کے قریب ہی واقع ہے اسی مناسبت سے اس مسجد کا نام مسجد جمعہ پڑا تھا جبکہ دوسری مسجد الاحساء کمشنری کی ’جواثا‘ مسجد میں پڑھی گئی اس اعتبار سے اس مسجد کی تاریخی حیثیت میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے۔
تاریخی مسجد جواثا کا مجموعی رقبہ 205 مربع میٹر ہے جس میں 170 نمازیوں کی گنجائش ہے۔ مسجد کی تعمیرنو علاقے کی روایت اور تاریخ کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے جس میں عہدِ رفتہ میں استعمال ہونے والی تعمیراتی مواد اور طرز کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔ مسجد میں تازہ ہوا کی آمد ورفت کے لیے کھڑکیاں اور روشن دانوں کے علاوہ صحن کو بھی اسی انداز میں تعمیر کیا گیا ہے۔
ہجرتِ مدینہ کے ساتویں برس یہ مسجد تعمیر کی گئی (فوٹو، ایس پی اے)
واضح رہے ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے مملکت کے مختلف علاقوں میں قدیم مساجد کی تعمیر نو و تزئین کے حوالے سے شروع کیے جانے والے منصوبے پرتیزی سے کام جاری ہے۔
دوسرے مرحلے کے تحت ریاض ریجن میں 6 مساجد ، مکہ مکرمہ میں 5 ، مدینہ منورہ میں 4 ، عسیر ریجن میں 3 ، مشرقی ریجن میں دو جبکہ الجوف ، جازان ، شمالی حدود ، تبوک ، الباحہ ، نجران ، حائل اور قصیم ریجن میں ایک ایک مسجد کی تعمیرِ نو کا کام کیا جائے گا۔