Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
جمعرات ، 12 جون ، 2025 | Thursday , June   12, 2025
جمعرات ، 12 جون ، 2025 | Thursday , June   12, 2025

حرم مکی میں عمرہ زائرین کے لیے ڈیجیٹل خدمات میں اضافہ

جدید کمپیوٹر وژن سسٹم زائرین کی نقل و حرکت کی نگرانی کرتا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اتھارٹی نے رمضان المبارک کے دوران عمرہ زائرین کو فراہم کی جانے والی ڈیجیٹل خدمات کے لیے سرکاری اداروں کی معاونت میں اضافہ کر دیا ہے۔
سعودی نیوز ایجنسی واس کے مطابق ماہ مقدس کے دوران حرمین شریفین میں زائرین کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایات کے مطابق زائرین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے یہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔  
سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اتھارٹی  SDAIA نے سعودی عرب میں داخلے کے تمام مقامات فضائی، بحری اور زمینی سرحدوں پر متعلقہ حکام کے ساتھ تکنیکی  ٹیم تعینات کی ہے جو چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہے۔
عمرہ زائرین کے لیے خدمات کا تسلسل برقرار رکھنے اور کسی قسم کے تعطل سے محفوظ رہنے کے لیے تعیناتی ٹیم بنیادی اور متبادل مواصلاتی نظام کو برقرار رکھتی ہے۔

جدید ترین نظام کے تحت نمایاں پیش رفت کے لیے ’بصیر‘ پلیٹ فارم لانچ کیا گیا ہے۔ فوٹو ایکس

حرمین شریفین میں زائرین کے نظم و نسق کے لیے وزارت داخلہ کے جنرل سیکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کے تعاون سے جدید ترین نظام کے تحت نمایاں پیش رفت کے لیے ’بصیر‘ پلیٹ فارم
لانچ کیا گیا ہے۔ 
جدید کمپیوٹر وژن سسٹم مصنوعی ذہانت (AI) کا استعمال کرتے ہوئے مسجد الحرام میں زائرین کی نقل و حرکت کی نگرانی کرتا ہے۔
اس نظام کے ذریعے ہجوم کی ٹریکنگ، نقل و حرکت کا پتہ لگانے اور گمشدہ افراد کو تلاش کرنے میں مدد فراہم کی جاتی ہے۔

جدہ  ایئرپورٹ پر 70 جدید الیکٹرانک داخلی دروازے نصب کیے گئے ہیں۔  فوٹو عرب نیوز 

سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اتھارٹی نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی  شریف میں خدمات کو بہتر بنانے کے لیے وزارت داخلہ کی حج و عمرہ سیکیورٹی کی سپیشل فورسز کے ساتھ ایک اسٹریٹجک شراکت داری بھی قائم کی ہے۔
سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اتھارٹی نے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور وزارت داخلہ کے ساتھ مل کر جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اے آئی  سے منسلک 70 جدید الیکٹرانک داخلی دروازے نصب کیے ہیں۔  
یہ دروازے عمرہ زائرین اور دیگر مسافروں کے داخلے کے عمل کو تیز اور آسان بنانے کے ساتھ  سیکیورٹی اور سہولت دونوں کو یقینی بنانے ہیں جس سے زائرین کو مجموعی طور پر بہتر خدمات مہیا کی جا رہی ہیں۔
 

 

شیئر: