جدہ ایئرپورٹ پر عمرہ زائرین میں قرآن کے 29 ہزار نسخے تقسیم
کنگ فہد قرآن پرنٹنگ کمپلکس سالانہ دو کروڑ نسخے تیار کیے جاتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت اسلامی امور و دعوت ورہنمائی نے جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عمرہ زائرین میں قرآن کریم کے 29 ہزار نسخے تقسیم کیے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت نے زائرین میں عربی اور دیگر زبانوں میں قرآن کے ترجمے کے نسخے تقسیم کیے جو کنگ فہد قرآن پرنٹنگ کمپلیکس مدینہ منورہ میں تیار ہوئے ہیں۔
مملکت آنے والے عمرہ زائرین نے اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کے لیے سعودی قیادت کی کوششوں کو سراہا۔
زائرین کا کہنا تھا ان کی زبان میں قرآن کریم کا نسخہ ایک قیمتی تحفہ ہے اور یہ وطن واپسی پر ایک عرصے تک ان کے ساتھ رہے گا۔
یاد رہے کہ کنگ فہد قرآن پرنٹنگ کمپلکس سالانہ دو کروڑ نسخے تیار کیے جاتے ہیں۔
کمپلیکس میں قرآن پاک کا 76 زبانوں میں ترجمہ اور خصوصی ایپلی کیشنز تیار کی ہیں جو مسلمانوں کو قرآن پڑھنے اور سمارٹ فونز پر مختلف ملکوں کے افراد کو قرآن سننے کے قابل بناتی ہیں۔
