Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

وفاقی کابینہ میں مزید توسیع: ’پبلک افیئرز یونٹ‘ نام کی کوئی وزارت نہیں، وزیر موجود

’پبلک افیئرز یونٹ نام کی کوئی وزارت موجود نہیں ہے، کابینہ ڈویژن کو وضاحت کرنا ہو گی‘ (فائل فوٹو: پی ایم آفس)
وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے جمعے کو وفاقی کابینہ کے نئے وزراء کو قلم دان سونپنے کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔
وفاقی کابینہ میں وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال کو ’پبلک افیئرز یونٹ‘ کا وزیر مقرر کیا گیا ہے، تاہم کابینہ ڈویژن میں ’پبلک افیئرز یونٹ‘ نام کی کوئی وزارت موجود نہیں ہے۔
اب تک سامنے آنے والی معلومات کے مطابق وزیراعظم آفس میں ایک عوامی شکایات سیل موجود ہے جسے ’پبلک افیئرز اینڈ گریونسز ونگ‘ کا نام دیا گیا ہے، اسی ونگ کی ذمہ داریاں وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال کو سونپی گئی ہیں۔
پبلک افیئرز یونٹ میں کون سی ذمہ داریاں شامل ہوں گی، کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا: رانا مبشر اقبال
اُردو نیوز نے پبلک افیئرز یونٹ کا قلم دان ملنے پر رانا مبشر اقبال سے رابطہ کیا ہے اور یہ معلوم کرنے کی کوشش کی ہے اُنہیں کیا ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال نے اُردو نیوز کو بتایا کہ ’تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا کہ پبلک افیئرز یونٹ میں کون سی ذمہ داریاں شامل ہوں گی۔‘
’ابتدائی معلومات کے مطابق کچھ محکمے اس کے ماتحت لائے جائیں گے، تاہم ایک دو دن کے اندر اس کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔‘
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’مجھے ابھی تک آگاہ نہیں کیا گیا کہ وزارت پبلک افیئرز یونٹ میں کیا ذمہ داریاں ہوں گی اور اس میں کون سے محکمے شامل ہوں گے۔‘
سینیئر سیاسی تجزیہ کار طاہر خلیل نے رانا مبشر اقبال کی وزارت کے معاملے پر اُردو نیوز کو بتایا کہ ’اس وقت پبلک افیئرز یونٹ نام کی کوئی وزارت موجود نہیں ہے اس بارے میں کابینہ ڈویژن کو وضاحت کرنا ہو گی۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ 1973 کے آئین سے قبل جب ذوالفقار علی بھٹو نے اقتدار سنبھالا تو اُس وقت معراج محمد خان کو وزیر برائے عوامی امور کا قلم دان سونپا گیا تھا۔

 رانا مبشر اقبال نے بتایا کہ ’تاحال پبلک افیئرز یونٹ کی ذمہ داریوں کا فیصلہ نہیں ہوا‘ (فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان)

طاہر خلیل کا کہنا تھا کہ اس لیے ہم یہ بات کہ سکتے ہیں کہ عوامی امور کی وزارت کوئی نئی نہیں ہے۔اسی طرح نواز شریف کے آخری دور میں امیر مقام بھی عوامی امور کے وزیر رہ چکے ہیں۔
کابینہ ڈویژن کے امور پر گہری نظر رکھنے والے صحافی رانا غلام قادر کے خیال میں وفاقی وزراء کی ایڈجسمنٹ کے لیے اُنہیں مختلف ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔اس وقت پبلک افیئرز یونٹ نام کی کوئی وزارت یا ڈویژن موجود نہیں ہے۔
اُنہوں نے اُردو نیوز کو بتایا کہ وزیراعظم آفس کے دو ونگ ایک انٹرنل اور دوسرا ایکسٹرنل موجود ہیں۔بظاہر یہی معلوم ہوتا ہے کہ پی ایم کے ایکسٹرنل ونگ کے معاملات کو پبلک افیئرز یونٹ کا نام دے کر وفاقی وزیر کو ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔
اُنہوں نے تاریخی پس منظر بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ’اس سے قبل وزیراعظم آفس میں عوامی شکایات کا ازالہ کرنے لیے ونگ بنائے جاتے رہے ہیں‘
’ماضی کے اندر سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بھی اس طرح کی ذمہ داری نبھا چکے ہیں جبکہ عمران خان کے دور حکومت میں بھی وزیراعظم شکایات کے ازالے کا سیل قائم کیا گیا تھا۔‘

 

شیئر: