رمضان المبارک کے دوران ریاض میٹرو کی طلب بڑھنے لگی ہے۔ بہت سے ملازمین و طلباء اور خواتین شہر میں نقل و حمل کے اس جدید ذرائع پر انحصار کررہی ہیں۔ اس کی وجہ سے لوگوں کو وقت، مشقت اور اس ماہ مبارک میں سڑکوں پر بڑھنے والا ٹریفک ہجوم سے بچنے میں مدد مل رہی ہے۔
اخبار 24 نے رمضان المبارک میں ریاض میٹرو سے سفر کرنے والوں سے رائے حاصل کی کہ ان کے لیے اس ماہ مبارک میں ریاض میٹرو سے سفر کیسا ہے اور کیا فوائد انہیں اس سے مل رہے ہیں۔

ایک شہری بندر الحربی کا کہنا تھا کہ میرے پاس گاڑی ہے لیکن میں نے وقت بچانے اور ریاض شہر میں ٹریفک ہجوم سے بچنے کے لیے رمضان المبارک میں میٹرو کے استعمال کو ترجیح دی کیونکہ سڑکوں پر ٹریفک کی وجہ سے میں تناؤ کا شکار ہوجاتا ہوں۔ میٹرو سے سفر نے میرا نفسیاتی دباؤ کم کردیا ہے اور یہ سفر کے لیے بہترین چوائس ہے۔
عبدالعزیز صالح کا کہنا تھا کہ میرے پاس گاڑی ہے لیکن میٹرو کے شاندار تجربے کے بعد اب میں گاڑی فروخت کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہا ہوں کیونکہ مجھے گاڑی کی نسبت اس سے سفر میں وقت کی کافی بچت ہوتی ہے اور محنت بھی اور ٹریفک اژدحام سے بھی چھٹکارا ملا ہے۔

ایک طالب علم عبدالواحد حسین کا کہنا ہے کہ رمضان میں خاص طور پر افطار سے قبل بھیڑ سڑکوں پر بڑھ جاتی ہے اور گھر آنے میں بہت وقت صرف ہوتا ہے اس وجہ سے میں نے ریاض میٹرو کا استعمال شروع کردیا ہے اس طرح اب میں وقت سے پہلے گھر پہنچ جاتا ہوں اور تاخیر سے بچ جاتا ہوں۔
ایک ورکریحیی سلیم نے بتایا کہ ریاض میٹرو کے استعمال نے انہیں قرآن پاک پڑھنے اور ای میلز کا جواب دینے میں آسانی فراہم کی اس طرح اب وہ اپنا قیمتی وقت اس طرح کے مفید کاموں میں صرف کرتے ہیں۔

ایک طالب علم کا کہنا تھا کہ ریاض میٹرو سے رمضان المبارک میں وقت کی بچت ہورہی ہے اور تمام کام احسن طریقے سے انجام پا رہے ہیں میٹرو میں اپنا وقت پڑھنے، مطالعہ کرنے میں صرف کرتے ہیں۔
سروے مںی شامل دیگر افراد نے اس بات سے اتفاق کیا کہ ریاض میٹرو آفس ورکرز ہوں، طالب علم، ورکنگ ویمن یا گھریلو خواتین سب کے لیے نقل و حمل کی بہترین ذریعہ ہے خاص طور پر رمضان کے مہینے میں تو اس کی اہمیت دو چند ہوگئی ہے اس سے وقت اور ٹریفک اژدحام سے بچا جاسکتا ہے اور رمضان میں تھکاوٹ سے بچنے کے لیے یہ سب سے بہترین ذریعہ ٹرانسپورٹ ہے۔ ریاض میٹرو نے شہر کی بڑھتی ہوئی طلب اور رہائشیوں کی زندگیوں کو آسان اور آرام دہ بنانے کے لیے موثر نقل و حمل کا تجربہ فراہم کررہا ہے یہ دور جدید کے حوالے سے بہترین ہے۔