بنوں کینٹ میں دو خودکش بمباروں کے حملے میں 13 اموات، 32 زخمی
گذشتہ سال نومبر میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر خود کش حملے میں 12 فوجی اہلکار مارے گئے تھے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں واقع کینٹ میں دو خودکش دھماکوں میں کم ازکم 13 افراد ہلاک جبکہ 32 زخمی ہوئے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق دہشت گردوں نے کینٹ کی دیوار توڑنے کے لیے دو خودکش دھماکے کیے۔ دھماکوں کے بعد حملہ آوروں نے اندر گھسنے کی کوشش کی جنہیں سکیورٹی فورسز نے ہلاک کر دیا۔
تحریک طالبان پاکستان سے منسلک شدت پسند تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
پاکستان کی فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دو خودکش حملہ آوروں نے بنوں کینٹ کی دیوار کے قریب اپنے آپ کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ خودکش دھماکوں کے بعد پانچ سے چھ حملہ آوروں نے کینٹ کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی جنہیں ہلاک کر دیا گیا۔
بیان کے مطابق آخری خارجی کے خاتمے تک سکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔
پولیس آفیسر ظفر خان کے مطابق دو دھماکوں کے بعد جائے وقوعہ سے دھویں کے گہرے بادل اٹھنے لگے اور فائرنگ جاری رہی۔
ضلعی ہسپتال کے ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں چار بچے بھی شامل ہیں۔
دھماکوں کے باعث قریب واقع مسجد جزوی طور پر منہدم ہوئی، جس کے ملبے تلے نمازی دب گئے۔
زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
دھماکوں سے قریبی عمارتوں کی چھتیں گرنے کے باعث متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق 13 افراد کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ہلاک ہونے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔
ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے مزید زخمی بھی لائے جارہے ہیں۔ ضلعی پولیس ترجمان کے مطابق کئی زخمیوں کو بنوں ایم ٹی آئی ہسپتال بھی منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے ابھی تک دھماکے کی نوعیت اور حملہ آوروں کی ہلاکت کے حوالے سے کوئی تفصیل نہیں بتائی ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب لوگ روزہ افطار کر رہے تھے۔ جیش الفرسان نامی شدت پسند تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
رمضان کا مہینہ شروع ہونے کے بعد یہ شدت پسندوں کا تیسرا حملہ ہے۔ ایک بیان میں تنظیم کا کہنا تھا کہ حملہ بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے کیا گیا۔
اس سے قبل بھی کئی مرتبہ شدت پسندوں نے بنوں میں حملے کیے تھے۔
گذشتہ سال نومبر میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر خودکش حملے میں 12 فوجی اہلکار مارے گئے تھے۔