پاکستان سمیت 14 ممالک کے شاہی مہمانوں کے گروپ کی مدینہ آمد
جمعرات 27 فروری 2025 5:25
خادم حرمین شریفین کی ضیافت میں آنے والے عمرہ زائرین کا چوتھا گروپ بدھ کومدینہ منورہ پہنچ گیا ہے۔ مہمانوں کا تعلق 14ممالک سے ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزارت اسلامی امور کے اعلی عہدیداروں نے ان کا خیرمقدم کیا۔
چوتھے گروپ میں آنے والے شاہی مہمانوں کی تعداد 250 ہے جو جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور آسٹریلیا کے 14 ملکوں سے تعلق رکھتے ہیں۔
ان ملکوں میں پاکستان، انڈیا، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال، مالدیپ، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، جارجیا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور روس شامل ہیں۔
مدینہ منورنہ آمد پر شاہی مہمانوں نے اس پروگرام کو مسلمانوں کی خدمت قرار دیا اور فیاضانہ مہمان نوازی پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
شاہی مہمان مسجد نبوی میں نماز ادا کریں گے ارو روضہ رسول پر حاضری دیں گے۔ بعدازاں انہیں مسجد قبا، شہدا احد اور کنگ فہد قرآن کریم پرنٹنگ کمپلکس کا دورہ کرایا جائے گا۔
بعد ازاں مکہ مکرمہ پہنچ کرعمرہ ادا کریں گے، تاریخی مقامات کا دورہ بھی کرایا جائے گا۔
واضح رہے اس سال 66 ملکوں کے ایک ہزار عمرہ زائرین کی میزبانی کی جا رہی ہے، جو چار گروپوں میں سعودی عرب پہنچے ہیں۔