Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

لائیو: وزیراعظم شہباز شریف کا دبئی میں ’ایج آف گورنمنٹ‘ نمائش کا دورہ

(یہ پیج مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا)
اہم نکات:
وزیراعظم شہباز شریف اور اماراتی صدر کی ملاقات میں مشرق وسطیٰ میں دو ریاستی حل پر زور
لیبیا کشتی حادثے میں 7 پاکستانیوں کی ہلاکت کی تصدیق 
ٹراسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق کرپشن پرسیپشن انڈیکس پر پاکستان کا 135واں نمبر
چیف جسٹس آف پاکستان سے آئی ایم ایف کے وفد کی ملاقات
کراچی کے نیشنل سٹیڈیم کی تزئین و آرائش مکمل ہونے کے بعد افتتاحی تقریب آج

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے دبئی میں منعقدہ ورلڈ گورنمنٹس سمٹ کے موقعے پر ’ایج آف گورنمنٹ‘ نمائش کا دورہ کیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کے بیان کے مطابق ’دنیا بھر میں گورننس کی بہتری اور گورنمنٹس کے مختلف شعبوں میں اقدامات کی جدید مثالوں پر مبنی نمائش میں وزیرِ اعظم کو بریفنگ دی گئی۔‘
اس موقعے پر وزیراعظم نے نمائش میں مختلف شعبوں کے حوالے سے چیلنجز کے جدید حل فراہم کرنے والے ماہرین سے بھی ملاقات و گفتگو بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات میں ہیں۔

کراچی میں ٹرانسپورٹرز اور پولیس کے مذاکرات کامیاب، نیشنل ہائی وے ٹریفک کے لیے کھل گئی

 
کراچی میں دن کے وقت ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی اور گاڑیاں جلائے جانے کے واقعات پر ٹرانسپورٹرز نے احتجاج کرتے ہوئے ملیر روڈ پر دھرنا دیا تھا تاہم ایس ایس پی ملیر کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد یشنل ہائی وے کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ملیر کاشف عباسی کے مطابق ٹرانسپورٹرز کو یقین دہانی کرائی ہے کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور گاڑیاں جلانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
کراچی ڈمپر اینڈ آئل ایسوسی ایشن نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ رات سے اب تک ڈمپرز، ٹینکرز سمیت 8 ہیوی گاڑیوں کو آگ لگائی گئی ہے جن میں سوار دو ڈرائیورز بھی زخمی ہوئے ہیں۔
ایسوسی ایشن نے گاڑیاں جلانے والوں کی گرفتاری کے لیے پولیس کو 72 گھنٹے کا وقت دیا تھا۔
آل ڈمپرٹرک ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن سندھ کے صدر لیاقت محسود نے کہا تھا کہ اپنی گاڑیاں کھڑی کر کے شہر کے داخلی و خارجی راستے بند کر دیں گے، ہمارے ساتھ پندرہ مختلف ٹرانسپورٹر ایسوسی ایشنز احتجاج میں شامل ہیں۔
رواں سال کے دوران کراچی میں ہیوی ٹریفک سے ہونے والے حادثات میں 30 سے زائد افراد کی موت ہو چکی ہے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان، محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے تا ہم بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع ابر آلود  رہنے کے علاوہ چند مقامات پر ہلکی بارش یا ہلکی برفباری کی توقع ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح سمیت صوبہ خیبرپختونخوا، صوبہ پنجاب، صوبہ سندھ اور صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم  سرد اورخشک رہے گا۔
چترال اور گرد و نواح میں صبح کے اوقات میں چند مقامات پر ہلکی بارش یا ہلکی برفباری کی توقع ہے جبکہ گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چند قامات پر ہلکی بارش یا ہلکی برفباری کا امکان ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور برفباری ہوئی۔ اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہارمیں چند مقامات پر ہلکی بارش اور بوندا باندی ہوئی۔
آج منگل کو ریکارڈکیے گئے کم سے کم  درجہ حرارت کے مطابق لہہ میں منفی 7، گوپس میں منفی 5، پاراچنار میں منفی 4، بگروٹ میں منفی 3،  مالم جبہ اور زیارت میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کرپشن پرسیپشن انڈیکس پر پاکستان کا 135واں نمبر، رپورٹ جاری

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق پاکستان کرپشن انڈیکس پر 2 درجے کی تنزلی کے بعد 29 سے 27ویں نمبر پر آ گیا ہے جبکہ رینکنگ کے اعتبار سے 180 ممالک میں سے 135ویں نمبر پر ہے۔
بدعنوانی پر نظر رکھنے والی عالمی تنظیم ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق سال 2023 میں پاکستان کرپشن انڈیکس پر 29ویں نمبر پر تھا جو سال 2024 میں دو درجے کی تنزلی کے بعد 27 ہو گیا ہے۔
اسی طرح سے سال 2023 میں 180 ممالک میں سے پاکستان بدعنوانی کے اعتبار سے 133ویں نمبر پر تھا جبکہ 2024 میں پاکستان کا 135واں نمبر ہے۔

 شہباز شریف اور اماراتی صدر کی ملاقات، مشرق وسطیٰ میں دو ریاستی حل پر زور

وزیرِ اعظم شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی ابوظہبی میں ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر بھی شریک تھے۔
ابوظہبی میں قصر الشاطی میں ملاقات کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف اور عرب امارات کے صدر نے دو طرفہ تعاون کے مزید فروغ پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی مفادات کی تکمیل کے لائحہ عمل و تعلقات کی مضبوطی پر گفتگو کی۔
ملاقات میں اقتصادی، تجارتی اور ترقی و دیگر شعبوں میں دونوں ممالک کے مابین موجود اشتراک و تعاون پر گفتگو ہوئی جبکہ عالمی تبدیلیوں کے چیلینجز سے نمٹنے کے لیے حکومت کی قابل عمل حکمت عملی پر ورلڈ گورنمنٹس سمٹ کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں فریقین نے علاقائی سلامتی، استحکام اور امن کو برقرار رکھنے کے لیے دو ریاستی حل پر مبنی جامع اور دیرپا امن کے لیے بین الاقوامی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کا خط آئینی بینچ کمیٹی کو بھجوایا ہے، چیف جسٹس پاکستان

چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کا نام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی دوڑ میں ابھی بھی شامل ہے، وقت آنے پر ان کا نام بھی زیرِ غور ہو گا۔
سپریم کورٹ کے صحافیوں کے ساتھ غیر رسمی گفتگو میں چیف جسٹس نے بتایا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا خط موصول ہوا ہے اور خط کے مندرجات سنجیدہ نوعیت کے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا خط آٸینی بینچ کمیٹی کو بھجوایا گیا ہے اور خط کے ساتھ دیگر مواد بھی لگایا ہے۔ 
ایک سوال کے جواب میں کہ عدلیہ میں اختلافات کو ختم کرنے کے لیے کیا اقدامات کریں گے، چیف جسٹس کا کہنا تھا ججز کی جانب سے خط لکھنے کے پرانے معاملات چل رہے ہیں، انہیں ٹھیک ہونے میں وقت لگے گا۔
چیف جسٹس نے مزید بتایا کہ ججز کو کہا ہے کہ سسٹم کو چلنے دیں، سسٹم کو نہ روکیں اور ججز لانے دیں۔
چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے کہا کہ وہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو سپریم کورٹ لانے کے حامی ہیں۔

 وزیراعظم شہباز شریف کی سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے سے ملاقات

 وزیراعظم شہباز شریف اور سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے کی ورلڈ گورنمنٹس سمٹ کے موقع پر دبئی میں ملاقات ہوئی۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے مابین تاریخی روابط کا ذکر کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے خیر سگالی کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
دونوں رہنماوں نے دو طرفہ تعلقات کے اہم پہلوؤں بالخصوص تجارت، دفاع و سلامتی، تعلیم، مذہبی سیاحت اور کھیلوں کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو بڑھانے اور بہتر تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
سری لنکا کے صدر نے دونوں برادر ممالک کے درمیان خوشگوار اور مضبوط تعلقات کو سراہا۔

آئی ایم ایف کے وفد کی چیف جسٹس پاکستان سے ملاقات 

بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے وفد نے منگل کو چیف جسٹس آف پاکستان سے ایک گھنٹہ تفصیلی ملاقات کی اور جوڈیشل کمیشن کے ارکان سے بھی ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایم ایف کا وفد اپنے دورے کے دوران عدلیہ اور الیکشن کمیشن سمیت چھ مختلف سرکاری اداروں کا دورہ کرے گا جس میں کرپشن اور بیڈ گورننس جیسی کمزوریوں کی نشان دہی کی جائے گی۔
بین الاقوامی مالیاتی ادارے کا وفد وزارت خزانہ سے معاشی امور پر مذاکرات کے بجائے عدلیہ اور الیکشن کمیشن سمیت مختلف اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں کر رہا ہے۔

مخصوص نشستیں ہمارا حق ہے اور ہمیں ملنی چاہئیں، بیرسٹر گوہر

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ مخصوص نشستیں ہمارا حق ہے اور ہمیں ملنی چاہئیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنے ساتھ ساتھ اس ایوان کو بھی کمزور کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں کا نوٹفیکیشن ابھی تک جاری نہیں ہوا، اس حوالے سے پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہوئی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ جیل ریفارمز ضروری ہیں، جیل میں قید لوگ اس وقت بہت مشکل حالات سے گزر رہے ہیں اور جو ضمانت کے حق دار ہیں ان کو ضمانت مل جانی چاہیے۔
اس موقع پر عمر ایوب نے بتایا کہ ’قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران اپنے گرفتار ایم این اے میاں غوث کے پروڈکشن آرڈر کی بات کی جس کے بعد ہم نے قائمہ کمیٹی سے واک آؤٹ کر دیا۔‘

 وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی کاروباری شخصیت جینٹری بیچ سے ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف کی معروف امریکی کاروباری شخصیت و سرمایہ کار جینٹری بیچ سے دبئی میں ملاقات ہوئی ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو سہولت اور کاروبار میں آسانی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے.
وزیراعظم نے کہا کہ شرح سود کم ہونے سے کاروبار میں سہولت اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
اس موقع پر جینٹری بیچ نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے حکومت کی پالیسیوں کو کاروبار و سرمایہ کاری کے لیے موزوں قرار دیا اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
بیان کے مطابق جینٹری بیچ نے کہا کہ وہ پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کے منصوبوں پر جلد عمل درآمد کے خواہاں ہیں۔

ایف آئی اے نے لیبیا کشتی حادثے میں 7 پاکستانیوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ایف آئی اے نے کہا ہے کہ لیبیا کشتی حادثے میں 7 پاکستانیوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے۔
منگل کو ایف آئی اے نے جاری بیان میں کہا ہے کہ کشتی میں پاکستانیوں سمیت 65 تارکینِ وطن سوار تھے جب کشتی الٹنے کا حادثہ پیش آیا۔
ایف آئی اے نے مزید کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق 16 پاکستانی ہلاک ہوئے ہیں جبکہ فی الحال 7 کی تصدیق ہو سکی ہے۔
ہلاک ہونے والوں میں سے 6 کا تعلق ضلع کرم اور 1 کا باجوڑ سے ہے۔
ہلاک ہونے والے پاکستانیوں کی شناخت ان کے پاسپورٹ سے کی گئی ہے۔
سفارت خانے کے مطابق اب تک کشتی حادثے میں ہلاک ہونے والے 10 افراد کی لاشیں سمندر سے نکالی جا سکی ہیں۔

لیبیا کشتی حادثہ، وزیراعظم کی ہلاک ہونے والے پاکستانیوں کی شناخت کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے لیبیا کے ساحل پر تارکین وطن کی کشتی الٹنے کے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ 
منگل کو وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے وزارت خارجہ کے حکام کو ہلاک ہونے والے پاکستانیوں کی شناخت کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا کہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی ہو گی اور کسی بھی قسم کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
لیبیا کے علاقے مرسا ڈیلا کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی کشتی الٹ گئی تھی جس میں 65 افراد سوار تھے۔ حادثے میں پاکستانیوں کی ممکنہ موجودگی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

 وزیراعظم شہباز شریف کی ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین سلطان احمد بن سلیم سے ملاقات

 وزیراعظم شہباز شریف نے دبئی میں ورلڈ گورنمنٹس سمٹ کے موقع پر ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین اور سی ای او سلطان احمد بن سلیم سے ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں ڈی پی ورلڈ کی سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے تجارت اور لاجسٹک انفراسٹرکچر کو بڑھانے میں کمپنی کے کردار کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے ڈی پی ورلڈ کے ساتھ دستخط کیے گئے بین الحکومتی معاہدوں (IGAs) کے تحت منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں و تعاون سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
بیان کے مطابق ڈی پی ورلڈ گروپ کے چیئرمین نے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

پی ٹی اے اور ایف آئی اے کی غیر ملکی سم فروخت کرنے والوں کے خلاف مشترکہ کارروائی

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے غیر قانونی موبائل سم فروخت کرنے والوں کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن کیا ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایبٹ آباد، سکردو، پشاور، لاہور اور سیالکوٹ سمیت مختلف شہروں میں چھاپے مارے گئے ہیں اور متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ غیرملکی سم کارڈز کو دھوکہ دہی، غیر مصدقہ رابطوں اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غیر مجاز سم کارڈز کی ترسیل اور فروخت کو روکنے کے لیے سخت ریگولیٹری اقدامات کیے جا رہے ہیں، خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ایف آئی اے پشاور کا پروٹیکٹر مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن، 9 ملزمان گرفتار

ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل پشاور نے پروٹیکٹوریٹ آفس پشاور پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے سرکاری اہلکاروں سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کا تعلق پشاور کے مختلف علاقوں سے ہے، انہیں رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گرفتار ملزمان میں سے محمد فیصل اور عتیق الرحمان پروٹیکٹر آفس پشاور میں تعینات تھے جبکہ ملزم محمد فیصل بطور نائب قاصد اور عتیق الرحمان بطور بریفنگ آفیسر تعینات تھے۔
ملزمان سے پاکستانی پاسپورٹ، ویزا کی کاپیاں، لیٹر پیڈز اور رشوت کے نام پر ہتھیائے گئے 2 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد کیے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گرفتار ایجنٹس پروٹیکٹر اہلکاروں کی ملی بھگت سے شہریوں کو لوٹ رہے تھے۔

دارالحکومت اسلام آباد میں وال چاکنگ پر پابندی، خلاف ورزی کرنے پر مقدمات درج

دارالحکومت اسلام آباد کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے وال چاکنگ کے خلاف کارروائی مزید تیز کر دی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو متعلقہ علاقوں میں کریک ڈاؤن کی ہدایت کی ہے اور وال چاکنگ کرنے والے پینٹرز اور ایڈورٹائزرز کے خلاف مقدمات درج کیے ہیں۔
ڈسٹرکٹ کمشنر اسلام آباد نے شہر کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے میں شہریوں سے تعاون کی اپیل کی ہے۔

آتش بازی، گانے اور مفت داخلہ، کراچی سٹیڈیم کی افتتاحی تقریب آج

کراچی کا نیشنل سٹیڈیم تزئین و آرائش کے مراحل سے گزرتے ہوئے مکمل طور پر تیار ہو گیا ہے، جس کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب آج شام کو ہو رہی ہے، جس میں داخلہ مفت ہو گا۔
تقریب میں گلوکار علی ظفر، شفقت امانت علی اور ساحر علی بگا سمیت دیگر فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے اور آتش بازی بھی ہو گی۔
کراچی سٹیڈیم میں 19 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمز ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔
پویلین کی نئی عمارت بنائی گئی ہے جبکہ ہر انکلوژر میں نئی کرسیوں کی تنصیب کے علاوہ، نئی ایل ای ڈی لائٹس اور نئی سکور سکرینز بھی نصب کی گئی ہیں۔

 

شیئر: