ریاض - - - قطر کی ریاستی سیکیورٹی ادارے کے اعلیٰ افسر حمد علی الحمادی نے اعتراف کیا ہے کہ قطر کا ریاستی ادارہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے خلاف سازش میں ملوث ہے ۔ مذکورہ ادارے نے سوشل میڈیا پر آنیوالا سارا مواد ریکارڈ کرنے کیلئے کوڈڈ سسٹم قائم کیا تھا ۔ مقصد عرب امارات کو بد نام کرنا اور اماراتی عوام میں قیادت کے خلاف بے چینی کا اظہار تھا۔ابوظبی چینل نے قطر محکمہ خفیہ کے افسر کی زبانی اعترافات پیش کئے ۔ انہیں پروگرا م میں مدعو کیا گیا تھا۔قطری افسر کو امارات نے گرفتار کیا گیا تھا اور عدالت نے الزامات ثابت ہو جانے پر اسے مجرم قرار دیدیا تھا۔قطری افسر کا مقدمہ عرب میڈیا میں ’’بوعسکور ‘‘ کے عنوان سے مشہور ہوا تھا۔33سالہ الحمادی نے بتایا کہ وہ دسمبر 2013ء کے دوران قطر کے ریاستی سلامتی کے ادارے سے منسلک ہوا تھا جس نے اسے 25ہزار قطری ریال دیکر 5موبائل سم خریدنے کیلئے امارات بھیجا تھا۔ہر سم میں 5ہزار درہم کا بیلنس جمع کرنے کی ہدایت کی تھی ۔اسے انٹرنیشنل رومنگ اور یو ٹیوب کی سہولت سے بھی آراستہ کرنے کیلئے کہا گیا تھا۔