جدہ میں ادبی و ثقافتی کلب کے زیراہتمام 21 ویں ادبی فورم کا انعقاد
تین روزہ فورم ’ثقافتی تاریخ زبانی اور تحریری روایات‘ کے عنوان سے منعقد ہوگا۔ فوٹو عرب نیوز
جدہ میں قائم ادبی و ثقافتی کلب 4 سے 6 فروری تک 21 واں ادبی فورم کا انعقاد کرے گا جس میں خطے سے نامور ادیب، نقاد اور دانشور شرکت کریں گے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ تین روزہ تقریب سعودی عرب میں ادبی اور ثقافتی تاریخ زبانی اور تحریری روایات کے عنوان سے منعقد ہوگی۔
ادبی ثقافتی کلب کے صدر ڈاکٹر عبداللہ عویقل السلمی نے بتایا ’یہ فورم ادبی مکالمے کو فروغ دینے اور جامع تاریخی و تنقیدی مطالعات کے ذریعے ادبی مباحث کو وسعت دے گا جو اس کلب کا مشن ہے۔‘
ادبی فورم کی اس تقریب میں سعودی مؤرخ محمد عبدالرازق القشعمی کو مملکت کے ادبی و ثقافتی ورثے کو نمایاں کرنے میں ان کی شاندار خدمات پر خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔
فورم کے ایجنڈے میں مملکت کے ثقافتی منظرنامے کی ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کے پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف موضوع شامل کیے گئے ہیں، جن کے تحت زبانی روایات اور تحریری اظہار کے باہمی تعلق کا جائزہ لیا جائے گا۔
مختلف نشستوں میں اس بات کا مطالعہ کیا جائے گا کہ مملکت کے ثقافتی بیانیے کو زبانی اور تحریری روایات نے کس طرح تشکیل دیا ہے۔
فورم کی سائنسی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالرحمان نے تقریب کے انعقاد پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا سائنسی موضوعات پر ہونے والے سیشنز میں سعودی ثقافتی ورثے کے مختلف پہلوؤں پر بحث کی جائے گی۔
اس کے علاوہ سیشنز میں قدیم زبانی ثقافت کی جڑیں، تاریخی کتبے اور دستاویزات، روایتی دستکاری اور ان کا ادبی اظہار، زبانی ادب کی اصناف اور سوانح حیات و یادداشتوں میں ادبی بیانیے شامل ہیں۔
فورم کو علمی حلقوں کی جانب سے 50 تحقیقی مقالات موصول ہوئے جن میں سے 20 کو علمی بحث کے لیے منتخب کیا گیا۔یہ عمل مملکت کے ثقافتی مباحث میں کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔
