سعودی مکینک جو سوشل میڈیا پر گاڑی میں خرابی دور کرنے کے مشورے دے رہے ہیں
سوشل میڈیا پر شروع کی جانے والی معلوماتی مہم کو لوگ سراہا رہے ہیں۔( فوٹو: سبق)
سعودی مکینک فہد الدوسری کی جانب سے سوشل میڈیا پر گاڑیوں کی درستگی کے حوالے سے شروع کی گئی معلوماتی مہم کو لوگ سراہا رہے ہیں۔
فہد الدوسری گاڑیوں میں ہونے والی اہم خرابیوں کے بارے میں مفت مشورہ دیتے ہیں جن پر عمل کرتے ہوئے بیشتر لوگوں نے اپنی گاڑیاں درست کیں اس طرح وہ ورکشاپس میں خطیر رقم خرچ کرنے سے بھی بچ گئے۔
سبق نیوز نے سعودی مکینک کی مہم کے حوالے سے بتایا کہ سوشل میڈیا پر گاڑیوں میں ہونے والی بعض فنی خرابیوں کے بارے میں فہد الدوسری کے معلوماتی لیکچر غیرمعمولی طور پر مقبول ہو رہے ہیں جن کے ذریعے لوگ اپنی گاڑیوں کو درست کرلیتے ہیں۔
مہم سے مستفیض ہونے والوں کا کہنا تھا ’ فہد الدوسری کی مہم اچھی ہے جس سے کافی فائدہ ہوا۔ بعض خرابیاں معمولی ہوتی ہیں مگر ورکشاپس میں اس پر بہت زیادہ بل بنادیا جاتا ہے۔‘
کچھ اور لوگوں کا کہنا تھا’ الدوسری کی جانب سے گاڑیوں کی خرابی کے بارے میں ماہرانہ رائے معمولی رقم کے عوض فراہم کی جاتی ہے۔ اس سے انہیں درست رہنمائی ملتی ہے جس کی وجہ سے ورکشاپس کے لمبے چوڑے بلوں سے بچ جاتے ہیں۔‘
