Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

ظھران: اثرا سینٹر میں ’جاپان کلچرل ڈے‘ کی تقریبات اور سُوشی ورکشاپس

جاپانی رسم و رواج کے مطابق روایتی ملبوسات کی نمائش کا بھی اہتمام ہو گا۔ فائل فوٹو گیٹی امیجز
ظھران کے کنگ عبدالعزیز سینٹر فار ورلڈ کلچر’ اثرا سینٹر‘  میں ’جاپان کلچرل ڈیز‘ کے عنوان سے جاپانی ثقافت کا بھرپور جشن منایا جائے گا۔
عرب نیوز کے مطابق ثقافتی تقریب کے منتظمین نے بتایا ہے ’23 جنوری سے 8 فروری تک جاری رہنے والا یہ جشن دونوں ممالک کے درمیان گہری دوستی اور ثقافتی تبادلے کی عکاسی کرتا ہے۔
رواں سال سعودی عرب اور جاپان سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل کر رہے ہیں۔
اثرا سنٹر میں پروگرام آرگنائزر نورہ الزامل نے بتایا ہے’ جاپان کلچرل ڈے کی تقریبات اثرا کے خصوصی مشن کا اہم حصہ ہیں، جس کا مقصد مقامی کمیونٹی کو ثقافتی تبادلے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
نورہ الزامل نے بتایا ’زائرین کو جاپانی روایت اور جدت کی خوبصورتی کو ظاہر کرنے والی مختلف سرگرمیوں میں شرکت کا موقع دیا جا رہا ہے۔‘
جاپانی ہاؤس تقریب میں چائے پیش کرنے کا فن اور واگاشی (جاپانی مٹھائیاں) بنانے کا عمل دکھانے کے علاوہ جاپانی ثقافت کے اہم پہلوؤں کو اجاگر کیا جائے گا۔
تقریب میں شرکت کرنے والے سینما کے شوقین افراد کے لیے جاپانی فلموں کا انتخاب کیا گیا ہے جس میں کلاسک اور جدید فلموں کے علاوہ منفرد ڈرامے اور انیمیشنز فلمیں شامل ہیں۔

جشن دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلے کی عکاسی ہے۔ فوٹو عرب نیوز

17روزہ جشن کے دوران مختلف ورکشاپس کا اہتمام کیا جائے گا جہاں زائرین کو جاپانی روایات کو سمجھنے اور اس سے جڑنے کے متعدد مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
مختلف اشکال کے ماسک بنانے اور جاپانی روایتی طرز کے دستی پنکھے اور پوسٹ کارڈ بنانے جیسے فنون میں مہارت حاصل کر سکیں گے۔
اس کے علاوہ زائرین چھوٹے ماڈل درختوں کی کاشت کے صدیوں پرانے جاپانی فن کے بارے میں بھی جان سکیں گے جو فطرت اور آرٹ کا امتزاج ہے۔

سعودی عرب اور جاپان سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل کر رہے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

مچھلی سے تیار کردہ جاپانی ڈش ’سوشی بنانے کی ورکشاپ کے علاوہ جاپانی ہنر ’کنسوگی‘ سکھانے کی ورکشاپ بھی ہوگی جہاں شرکاء سونے کے پاوڈر سے ٹوٹے ہوئے برتنوں کی مرمت کا ہنر سیکھیں گے۔
جاپانی ہینڈ رائٹنگ، ڈرائنگ، خطاطی اور کاغذ کو مختلف شکلوں میں موڑنے کے آرٹ ’اوریگامی‘ پر بھی خصوصی کلاسز منعقد ہوں گی۔
اثرا سنٹر میں جاپانی رسم و رواج کے مطابق روایتی ملبوسات کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جہاں زائرین جاپان کی ثقافت اور قدیم روایات کے بارے میں آگہی حاصل کریں گے۔

17روزہ جشن میں جاپانی روایات سمجھنے کے مواقع ملیں گے۔ فوٹو عرب نیوز

تقریب میں جاپان کی تیار کردہ کلاسک کاروں کی نمائش  کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، جس میں مشہور جاپانی گاڑیاں اور آٹوموبائل کی دنیا پر ان کے اثرات دکھائے جائیں گے۔
جاپان کلچرل ڈیز تقریبات میں نوجوان زائرین کے لیے خاص دلچسپی چلڈرن میوزیم میں بچوں کے لیے ورکشاپس اور کہانی سنانے کے سیشنز ہوں گے جہاں جاپان کی  لوک داستانیں پیش کی جائیں گی۔

 

شیئر: