ایرانی بحریہ کے پہلے سگنلز انٹیلی جنس شپ ’زاگروس‘ کی نقاب کشائی
ایرانی بحریہ کے پہلے سگنلز انٹیلی جنس شپ ’زاگروس‘ کی نقاب کشائی
بدھ 15 جنوری 2025 20:55
بحریہ کے نئے جہاز سے سمندری سرحدوں کی حساس نگرانی کی جائے گی۔ فوٹواے ایف پی
ایران کی فوج کو جدید قسم کے 1000 نئے ڈرونز موصول ہونے کے چند روز بعد ایرانی بحریہ نے بدھ کو پہلی سگنلز انٹیلی جنس شپ وصول کی ہے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی تسنیم نے اطلاع دی ہے ’زاگروس‘ جدید قسم کا فوجی جہاز ہے جو الیکٹرانک سنسرز اور سائبر آپریشنز روکنے اور انٹیلی جنس مانیٹرنگ کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ایران کی بحریہ کے کمانڈر شہرام ایرانی نے بتایا کہ ’سگنلز انٹیلی جنس شپ ’زاگروس‘ سے سمندری سرحدوں اور بحرالکاہل میں ایران بحریہ کی جانب سے حساس نگرانی کی جائے گی۔
قبل ازیں ایران نے رواں ماہ کے اوائل سے دو ماہ طویل فوجی مشقوں کا آغاز کیا ہے جن میں پہلے ہی جنگی مشقیں بھی شامل تھیں۔
فوجی مشقوں میں سپاہ پاسداران انقلاب نے نطنز کے مقام پر ایران کی اہم جوہری تنصیبات کو فرضی میزائل اور ڈرون حملوں سے بچانے کی مشقیں کی ہیں۔
ایران کی فوجی مشقیں اور اسلحے کی خریداری ان حالات میں ہو رہی ہے جب خاص طور پر امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری قریب ہے اور حریف ملک اسرائیل کے ساتھ تناؤ بھی عروج پر ہے۔
ایران نے جنوری سے دو ماہ طویل فوجی مشقوں کا آغاز کیا ہے۔ فوٹو اے ایف پی
قبل ازیں ایرانی حکومت کے ترجمان نے اکتوبر میں بیان جاری کیا تھا ’ ایران بڑھتے ہوئے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے فوجی بجٹ میں تقریباً 200 فیصد اضافہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔