لیبر مارکیٹ میں سعودی خواتین کی تعداد 36.2 فیصد تک پہنچ گئی
15 سے 24 سال کی سعودی خواتین کا تناسب 18.0 فیصد ہوگیا۔ (فوٹو عاجل)
سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات نے منگل کو نئی رپورٹ میں کہا ہے کہ 2024 کی تیسری سہ ماہی کے دوران لیبر مارکیٹ میں سعودی خواتین کی شرکت میں 0.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے لیبر مارکیٹ میں سعودی خواتین کی تعداد 36.2 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے 2024 کی تیسری سہ ماہی میں سعودیوں میں بے روزگاری کی شرح 7.8 فیصد تک رہ گئی۔
لیبر ورک سروے کی بنیاد پر 2024 کی دوسری سہ ماہی کے مقابلے میں 0.7 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ 2023 کی تیسری سہ ماہی کے مقابلے 1.0 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔
تیسری سہ ماہی میں لیبر مارکیٹ میں سعودیوں کی شرکت کی شرح میں 2024 کی دوسری سہ ماہی کے مقابلے میں 0.7 فیصد اضافہ ہوا اور اب یہ 51.5 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 15 سے 24 سال کی عمر کی سعودی خواتین کی لیبر مارکیٹ میں شرکت کا تناسب 1.0 فیصد اضافے کے بعد 18.0 فیصد ہوگیا۔ سعودی نوجوانوں کی لیبر مارکیٹ میں شرکت 1.1 فیصد سے بڑھ کر 34.6 فیصد تک آگئی ہے۔
25 سے 54 سال کی عمر کے مرد و خواتین کی شرکت کی شرح میں 0.7 فیصد اضافے کے بعد 69.4 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
جہاں تک 55 سال اور اس سے زائد عمر کے سعودیوں کا تعلق ہے تو 2024 کی تیسری سہ ماہی میں لیبر مارکیٹ میں اضافہ نظر آیا ہے۔ 2024 کی دونوں سہ ماہی میں اس کی شرح میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
بے روزگار سعودیوں نے ملازمت کی تلاش کے لیے مختلف فعال طریقے استعمال کیے۔ ان میں دوستوں یا رشتہ داروں سے ملازمت کے مواقع کے حوالے سے دریافت کرنے والوں کی شرح 87.7 فیصد رہی۔
براہ راست آجروں کو درخواست دینے والوں کی تعداد 75.0 فیصد اور قومی روزگار پلیٹ فارم (جدارات) پر 71.2 فیصد شہریوں نے رجوع کیا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں