کیا مملکت میں آئندہ ہفتے سردی کی شدید لہر متوقع ہے؟
جمعرات 26 دسمبر 2024 0:02
رواں برس بارش میں 152 ملی میٹر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب مں قومی مرکز برائے موسمیات کے ترجمان حسین القحطانی کا کہنا ہے کہ ’مملکت میں آئندہ ہفتے سردی کی لہر میں اضافے کی باتیں بے بنیاد ہیں۔‘
عاجل نیوز کے مطابق قومی مرکزکے ترجمان القحطانی نے اپنے ایکس اکاونٹ پر ان اطلاعات کی تردید کی جن میں کہا جارہا تھا کہ آئندہ ہفتے سے مملکت کے متعدد علاقوں میں سردی کی شدید لہر آئے گی۔
ترجمان نے مزید کہا ’ قومی مرکز کے ریڈار سے حاصل ہونے والی رپورٹ کے مطابق درجہ حرارت میں معمول کے مطابق کمی کا امکان ہے جو کہ چار ڈگری سے صفر تک ہو سکتا ہے تاہم مرکز کی جانب سے اس بارے میں تفصیلی رپورٹ جاری کی جائے گی۔‘
علاوہ ازیں شماریاتی اتھارٹی کا کہنا ہے ’رواں برس بارش میں 152 ملی میٹر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو سال 2023 اور 2022 کے مقابلے میں 53.4 فیصد ہے۔‘
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ’گزشتہ برس ڈیموں میں جمع ہونے والا برساتی پانی 1564 ملین معکب میٹر تھا جو کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں 164 فیصد زیادہ تھا۔‘