عسکریت پسند تنظیم داعش نے موصل شہر پر10 جون 2014 کو قبضہ کر لیا تھا اور 19 دن بعد عراق اور پڑوسی شام کے وسیع علاقوں پر قبضہ کرنے کے بعد یہاں سے اپنی ’خلافت‘ کا اعلان کیا تھا۔
عراقی فورسز نے امریکی قیادت والے بین الاقوامی اتحاد کی مدد سے سالہا سال کی شدید لڑائی کے بعد جولائی 2017 میں موصل سے داعش کا خاتمہ کر دیا تھا اور اسی سال کے آخر میں عراق بھر سے داعش کو شکست دینے کا اعلان ہوا تھا۔
عراقی وزیراعظم کے دفتر سے اتوار کو جاری ہونے والے بیان میں وزیراعظم السودانی نے اپنے دورے کے دوران ہدایت کی ہے کہ ایئرپورٹ کا افتتاح 10 جون کو ہی کیا جائے۔
ائیرپورٹ ٹرمینلز اور رن وے کی مرمت کا 80 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ فوٹو: گیٹی امیجز
10 جون کی تاریخ موصل پر داعش کے قبضے کا دن تھا اور ایئرپورٹ کے افتتاح کی یہ تاریخ مقرر کرنے کا مقصد ملک سے دہشت گردی کے خلاف مزاحمت کا پیغام ہے۔
موصل کے ہوائی اڈے کے ٹرمینلز اور رن وے کی مرمت اور بہتری کا 80 فیصد سے زیادہ کام مکمل ہو چکا ہے، یہ ائیرپورٹ داعش اور اتحادی فوجوں کے مابین لڑائی میں مکمل طور پر تباہ ہو گیا تھا۔
داعش اور اتحادی فوجوں کے مابین لڑائی میں ائیرپورٹ مکمل تباہ ہو گیا تھا۔ فوٹو: گیٹی امیجز
عراق کے سابق وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی نے اگست 2022 میں ہوائی اڈے کی ازسرنو تعمیر کے لیے سنگ بنیاد رکھا تھا۔
عراقی وزیراعظم کے دفتر سے اتوار کو یہ اعلان بھی کیا گیا ہے کہ ’عراق محفوظ، مستحکم اور درست سمت میں گامزن ہے اور موصل شہر میں تاریخی دریائے دجلہ کے مغربی کنارے کی بحالی کے منصوبے کا آغاز بھی ہوا ہے۔‘