قاصد کے طور پر علی امین گنڈا پور ایک بار پھر جب کپتان کی خدمت میں حاضر ہوئے تو عرض کی کہ ’مہاراج! 16 اکتوبر تک احتجاج نہ کرنے کی گزارش ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس رواں ماہ 15اور 16 تاریخ کو پاکستان میں ہونے جا رہا ہے۔ کئی سربراہانِ مملکت کی آمد متوقع ہے اور اس سے پہلے ملائیشیا کے وزیراعظم بھی پاکستان آن پہنچے ہیں۔ پیغام یہی ہے کہ فی الحال کچھ دن رُکا جائے، 16 کے بعد یقین دہانی ہے کہ احتجاج کی اجازت ہوگی۔‘
مزید پڑھیں
-
آگے کنواں پیچھے کھائی مگر کس کے لیے؟ اجمل جامی کا کالمNode ID: 872736
-
علی امین گنڈا پور کی نو بال! اجمل جامی کا کالمNode ID: 878643
واقفانِ حال یہی بتلاتے ہیں کہ کچھ ایسا ہی پیغام گزرے ماہ اعظم سواتی اڈیالہ لے کر گئے تھے۔ پیغام کس قدر اہم تھا، اندازہ اس امر سے لگا لیں کہ صبح سویرے اڈیالہ کے دروازے سواتی صاحب کے لیے کُھل گئے، جلسہ ملتوی ہوا اور یوں سنگجانی کے مقام پر دوبارہ پڑاؤ کیا گیا۔
سنگجانی کے جلسے سے پہلے اور بعد جو ہوا وہ دہرانے کی ضرورت نہیں، بس اتنا کافی ہے کہ ربط میں تعطل آگیا اور بدگمانیوں نے ڈیرے ڈال لیے۔ یہی وجہ ہے کہ اب کے بار خود گنڈا پور سرکار کو ہی حاضری دینا پڑی۔
واپسی پر انہیں معلوم ہوا کہ نہیں صاحب! چار اکتوبر کا احتجاج ہر حال میں ہوگا۔ بقول استاد نصرت جاوید: علی امین خاصے پریشان ہوئے، واپسی پر کچھ رفقا سے مشاورت کی لیکن ہیچ آرزو مندی۔ چار اکتوبر کی کال پر مبنی ویڈیو پیغام جاری کرنا پڑا۔
ریاستی میموری کارڈ کے ہاں 2014 کے نقوش بھی کچھ ایسے ہی ہیں۔ اب جبکہ شنگھائی تعاون کونسل کا اجلاس ہونے کو ہے اور کپتان آل آؤٹ جانے کا اعلان کر چکے، مذاکرات کے نام پر ہلکا پُھلکا ربط بھی ٹوٹ چکا تو خاطر جمع رکھیں، معلوم ہوتا ہے کہ فریقین کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا۔
کپتان البتہ اس موقع پر احتجاج سے عالمی توجہ مبذول کروانا چاہتے ہیں اور ریاست احتجاج روک کر یا ملتوی کروا کر امن شانتی کا پیغام دینا چاہتی ہے۔
اس بیچ گڑبڑ البتہ شدّ و مد کے ساتھ نازل ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ ادارے کے ہاں حالیہ اہم تبدیلی تسلسل بلکہ مزید کلیئریٹی کے ساتھ تسلسل کا استعارہ معلوم ہوتی ہے۔

ایک پہنچی ہوئی ہستی سے گزشتہ شب مختصر ملاقات ہوئی تو معلوم ہوا کہ جناب علوی ایک دو روز کے لیے لاہور میں ہیں۔ یہاں مصروفیت کی نوعیت تقریباً غیر سیاسی تھی کہ اسی کشیدہ صورتحال کے ہنگام انہیں کسی خیر خواہ نے شاہ محمود سے ملاقات کا مشورہ دیا۔
ملاقات بظاہر تو مشکل دِکھائی دیتی ہے لیکن اگر ہو گئی تو شاید کوئی درمیانی راہ نکل سکے۔ ملاقات ہونے کی صورت میں یہ ’سواتی مشن ٹو‘ کہلایا جائے گا۔
ادھر آرٹیکل 63 اے کی نظر ثانی کا بینچ اور پھر اب تک کی سماعتوں کا احوال دیکھا جائے تو اسے نمٹانے کی نظر آتی ہے۔ 25 اکتوبر آنے میں اب بھلا دن ہی کتنے رہ گئے ہیں، یہی کوئی بیس بائیس!
نظر ثانی کی درخواستیں منظور ہو چکیں، بندیال بنچ کے ہاں سے تین دو سے فیصلہ آیا تھا، طے ہوا تھا کہ نہیں صاحب! ووٹ بھی شمار نہیں ہوگا اور رکن پارلیمان ڈسکوالیفائی بھی قرار پائے گا۔ اب جناب قاضی کے بنچ کے ہاں سے چند روز کے اندر اندر ہی آج متفقہ فیصلہ سامنے آچکا ہے، یعنی اب ووٹ شمار ہوگا البتہ رکن پارلیمان اس صورت میں ڈسکوالیفائیڈ ہی رہے گا۔ یعنی منحرف رکن پارلیمان کا ووٹ گنوانا ہی اس صورتحال میں اصل مقصد ہے تاکہ چھبیسیویں آئینی ترمیم پاس کروانے کیلئے حضرت مولانا کی ہاں یا ناں دونوں صورتوں میں دو تہائی کا ہدف حاصل کیا جاسکے۔
حکومتی وزرا کے علاوہ اس بابت بلاول کے ہاں سے بھی کچھ معنی خیز بیانات سُننے کو ملے جن کے کارن اب یہ بات اظہر من الشمس ہے کہ حکومتی پلان اب ہے کیا اور انہیں جلدی کیوں ہے۔
آئینی ترامیم کا یہ سیزن دیکھتے ہوئے نہ جانے کیوں خاکسار کو بار بار کامونکی کا سات سالہ حیدر علی یاد آتا رہا۔ کہنے دیجیے کہ یہ بچہ وکھری طبعیت کا ہے۔ اعتماد ایسا کہ واللہ۔ بڑے سے بڑا لیجنڈ اداکار بھی اس کی برجستگی پر داد دینے پر مجبور ہو۔جنید سلیم تو معترف ہوئے ہیں معلوم نہیں سہیل احمد عزیزی کب اس نیچرل ٹیلنٹ کا ادراک کریں گے۔
حیدر علی کا ایک سوشل میڈیا کلپ خاصا وائرل ہوا ہے جس میں وہ ایک پولیس اہلکار سے مخاطب ہے اور بتا رہا ہے کہ وہ صبح پیپر دینے کے لیے سکول جا رہا تھا جب اس نے دیکھا کہ اس کی مرغی غائب ہے۔
