یوم وطنی پر آن لائن جعلی پیشکشوں اور ویب سائٹس سے خبردار
غیر معتبر سائٹس کے ذریعے کارڈ کی معلومات شیئر نہ کی جائیں۔ (فوٹو اخبار 24)
سعودی بینکوں میں بینکنگ انفارمیشن اورآگاہی کمیٹی نے ’یوم وطنی‘ (نیشنل ڈے) پر کچھ جعلی پیشکشوں اور جعلی ویب سائٹ کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔ جعلساز یوم وطنی اور اس طرح کے دیگر مواقعوں اور سیزن پر فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق کمیٹی نے وضاحت کی جعلساز یوم وطنی کے موقع پر جعلی پیشکش کرنے کے لیے معروف یا نامعلوم کمرشل کمپنیوں کے نام استعمال کرتے ہیں۔
کمیٹی نے صارفین پر زور دیا کہ وہ خریداری سے پہلے اس طرح کی سائٹس کی معتبریت کی تصدیق کریں اور مبالغہ آمیز پیشکشوں سے متاثر نہ ہوں۔
سعودی بینکوں نے صارفین کو مشورہ دیا کہ وہ محفوظ ادائیگی کے طریقہ کار کو استعمال کرتے ہوئے آن لائن خریداری کریں۔ غیر معتبر سائٹس کے ذریعے کارڈ کی معلومات شیئر نہ کی جائیں۔
اس کے علاوہ بینک ایپس کو اپ ڈیٹ رکھیں۔ آن لائن خریداری کے وقت یا لین دین سے قبل ریٹرن پالیسی کی تصدیق کریں اور گارنٹی حاصل کریں۔
آن لائن خریداری یا ادائیگی کے وقت کسی بینک یا سرکاری و نجی ادارے سے ہونے کا دعوی کرنے والے شخص کا فون آئے تو اس کے ساتھ کوڈ کبھی شیئر نہ کریں۔
سعودی بینکوں کی جانب سے مالی فراڈ کے خلاف عوام میں شعور و آگاہی کے لیے جاری اس انتباہ کا مقصد یوم وطنی پر ڈسکاؤنٹ اور انعامات کی پیشکش کے ذریعے فائدہ اٹھانے والے دھوکے بازوں سے خبردار کرنا ہے۔
سعودی بینک یوم وطنی اور اسی طرح کے دیگر مواقع پر خصوصی مہم شروع کرتے ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں