Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
جمعہ ، 25 جولائی ، 2025 | Friday , July   25, 2025
جمعہ ، 25 جولائی ، 2025 | Friday , July   25, 2025

وزارت منصوبہ بندی نے ملکی معیشت میں بہتری کے لیے پالیسی بورڈ تشکیل دے دیا

پالیسی بورڈ کی سربراہی وزہر منصوبہ بندی احسن اقبال کر رہے ہیں (فائل فوٹو: احسن اقبال ایکس اکاؤنٹ)
وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کی جانب سے ملکی معیشت میں بہتری اور ترقی کے عمل میں بہتری لانے کے لیے معاشی، صنعتی، تزویراتی، انتظامی اور سماجی ماہرین پر مشتمل پالیسی بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔
وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے سنیچر کو جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق وزیر منصوبہ بندی اور منصوبہ بندی کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین احسن اقبال اعلٰی سطحی پالیسی بورڈ کے سربراہ ہوں گے۔
اس اقدام کا مقصد نجی شعبے اور کارپوریٹ رہنماؤں کی فعال شرکت کے ساتھ ملک کے اقتصادی منصوبہ بندی کے عمل میں شفافیت کو بڑھانا اور بہتری لانا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پالیسی بورڈ، جس کی سربراہی خود احسن اقبال کر رہے ہیں، مختلف شعبوں کے ماہرین اور تجربہ کار اراکین پر مشتمل ہے، جن میں سابق وفاقی وزرا، صنعت کے رہنما، تعلیمی ماہرین، اور بین الاقوامی پیشہ ورانہ افراد شامل ہیں۔
اس بورڈ کے نمایاں ارکان میں سابق نگراں وفاقی وزیر شاہد اشرف تارڑ، چیئرمین انٹرلوپ لمیٹڈ مصدق ذوالقرنین، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد ڈاکٹر رانا اقراراور امریکہ سے آئی ٹی ماہر نوید شیروانی شامل ہیں۔
یہ پالیسی بورڈ ترقیاتی پالیسیوں کی تشکیل اور عمل درآمد کے حوالے سے اہم کردار ادا کرے گا۔ یہ بورڈ پالیسی سازی اور حکمت عملی کی ترقی پر مشورے فراہم کرے گا، درمیانی اور طویل مدتی اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے پالیسیوں اور حکمت عملیوں پر رہنمائی فراہم کرے گا۔
پالیسی بورڈ کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے، وفاقی وزیر احسن اقبال نے پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے میں اس اقدام کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ نجی شعبے کی شرکت منصوبہ بندی کمیشن کی کارکردگی کو نمایاں طور پر بہتر بنائے گی۔ بورڈ کے اراکین سٹریٹجک فریم ورک تیار کرنے اور مختصر، درمیانی اور طویل مدتی منصوبے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

شیئر: