سرکاری ملازمتیں کچھ عجیب و غریب قسم کی ہوتی ہیں۔ بعض سرکاری ملازمین صرف اپنی تنخواہ سے مطلب رکھتے ہیں اور اپنے فرائض ٹھیک سے انجام نہیں دیتے جبکہ دوسرے ملازمین ایسے ہوتے ہیں جو سرکاری حکم کی بجا آوری میں اپنے عقل و شعور سے بھی ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ ایسا ہی کچھ یہاں اس وقت دیکھنے میں آیاجب لوگوں نے ایک مقامی قبرستان میں حال ہی میں دفن ہونے والی خاتون کی قبر پر ٹیکس کے محکمہ کی طرف سے جاری کردہ نوٹس لگا دیکھا ۔ واضح ہو کہ یہ واقعہ اس شہر میں ہوا ہے جہاں زمانے قدیم سے کہاوت مشہور ہے کہ دنیا میں دو چیزیں یقینی ہیں ، ایک انکم ٹیکس بھرنا ، دوسری موت۔ تفصیلات کے مطابق ٹیکس کے محکمہ کی کوئی حد سے زیادہ پرجوش کارکن نے کارکردگی دکھانے کے چکر میں اس کے عوامل پر بھی غور نہیں کیا اور نوٹس جاری کردیا۔ کہا جاتا ہے کہ محکمہ نے صرف نوٹس ہی جاری نہیں کیا بلکہ اسے متعلقہ خاتون کی قبر پر چسپا ں کرنے کا اہتمام بھی کرڈالا۔ یہ واقعہ مقامی ساحل کے قریب قبرستان میں پیش آیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹیکس کی وصولی کیلئے جو نوٹس جاری ہوا اس کی عبارت حیرت انگیز ہے۔ اس نوٹس میں مبینہ طور پر نادہندہ خاتون کا پتہ کچھ اس طرح لکھا گیا ہے یعنی پہلے تو خاتون کا نام درج کیا گیاہے ۔ حکام نے اس کا اصل نام صیغہ راز میں رکھتے ہوئے جیکولین کا فرضی نام ظاہر کیا ہے جبکہ پتے کی جگہ اور بھی دلچسپ ہے یعنی قبر نمبر 24 ، قطار نمبر ای ، شاہراہ قبرستان ۔ وینزا۔ شہر کے مقامی میئر نے اس پورے واقعہ کی تصدیق کی ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ خود بھی اس عجیب و غریب واقعہ پر بے حد حیران ہیں اوران کی سمجھ میں نہیں آرہا کہ وہ کیا تبصرہ کریں اور کیا سمجھیں۔ قبر کے کتبے پر محکمہ ٹیکس کا نوٹس چسپاں ہونے کی خبر یہاں جنگل کی آگ کی طرح پھیلی اور بہت سے لوگ اسے دیکھنے قبرستان پہنچے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین اکثر ایسی جاہلانہ حرکتیں کرتے رہتے ہیں تاہم کچھ لوگوں کا یہ بھی خیال تھا کہ شاید کسی نے کوئی مذاق کیا ہے اور اس نے خاتون کا پتہ مٹا کر نوٹس پر قبرستان کاپتہ ڈال دیا ہے۔ ہوسکتا ہے کہ ایسی حرکت کرنے والا ان کا کوئی وارث ہو جو نہیں چاہتا کہ متوفیہ کے واجبات ادا کرے۔