نئی دہلی۔۔۔۔۔دہلی پولیس نے انٹیلی جنس اطلاعات ملنے پر کناٹ پیلس علاقے میں دہشتگردانہ حملہ کی کوشش ناکام بنادی اور کناٹ پیلس کے پورے علاقے کی ناکہ بندی کردی۔وہاں جانیوالی ہر سڑک پر بسیں کھڑی کردی گئیں۔ پیدل جانیوالوں کیلئے ذراسی جگہ چھوڑ دی گئی۔ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ عالمی یوم یوگا کی تقریبات کے دوران وہاں حملہ کیا جائیگا۔واضح رہے کہ حال ہی میں لندن میں ایک شخص نے لوگوں پر اپنی وین چڑھا دی تھی جس میں کئی افراد ہلاک ہوگئے تھے۔علاقے میں پولیس کی چوکسی بڑھا دی گئی جبکہ چند عمارتوں پر اسنائپرزتعینات کئے گئے۔کناٹ پیلس علاقے میں یوگا کی تقریب میں این ڈی اے کے صدارتی امیدوار رام ناتھ کووند، مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو اور وزیر اعلیٰ دہلی اروند کیجریوال سمیت مختلف شخصیتیں شریک تھیں۔ان کے ہمراہ 10ہزار سے زیادہ لوگوں نے یوگا کیا۔