نئی دہلی۔۔۔راجدھانی اور شتابدی ایکسپریس ملک کی ایسی 2ٹرینیں تھیں جن میں مسافروں کی سہولت کا خیال رکھا جاتا تھا لیکن سروس میں خرابی، صفائی ستھرائی کا انتظام نہ ہونے اور خوراک کا معیار گر جانے کے بعد مسافروں کی شکایت بڑھ گئی۔برسوں کی شکایت کو رفع کرنے کیلئے اب وزارت ریلوے نے ان دونوں کی سروسز کو بہتر بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔پہلے مرحلے میں ممبئی دہلی راجدھانی ایکسپریس اور ممبئی، احمد آباد شتابدی ایکسپریس کا درجہ بڑھایا جائیگا اور مسافروں کی سہولتوں میں اضافہ کیا جائیگا۔ان دونوں ٹرینوں کی صورتحال بہتر بنانے کا کام 26ستمبر سے شروع ہوگا۔انہیں وقت پر چلانے کا پابند بنایا جائیگا۔خوراک کا معیار بہتر کیا جائیگا اور صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائیگا۔ڈبوں کی اندرونی و بیرونی آرائش ، ٹوائلٹ کے نظام، کیٹرنگ ،عملے کے رویے کو بہتر بنانے ، ٹرینوں کی سیکیورٹی ،مسافرو ں کی تفریح کے سامان وغیرہ پر خاص دھیان دیا جائیگا۔ٹرینوں میں وائی فائی کی سہولت فراہم کی جائیگی جبکہ کافی وینڈنگ مشینیں لگائی جائیں گی۔اس کے علاوہ مسافروں کیلئے بہتر اور آرام دہ سیٹوں کا اہتمام ہوگا۔راجدھانی اور شتابدی ٹرینوں کو بہتر بنانے کیلئے 50،50لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔