کہتے ہیں کہ انسان کوئی عزم کرلے اور اس کیلئے خاطر خواہ محنت بھی کرے تو کوئی بھی کام مشکل نہیں ہوتا۔ ایسا ہی کچھ ایک مقامی خاتون نے کر دکھایا ہے جو مختلف لذید کھانے تیار کرکے ایک دنیا کو اپنی طرف متوجہ کئے ہوئے ہے۔ کہا جاتا ہے کہ 24 سالہ خاتون لارا لوکیٹس نے نان بائی کی کوئی تربیت حاصل نہیں کی اور نہ ہی اسے کوئی گوشت پکانے والے انسپکٹر سے تربیت ملی ہے بلکہ اس نے اپنے شوق او رضرورت کے تحت یہ ہنر سیکھا اور طرح طرح کے کیک، لذیذ کباب اور دوسری مقبول غذائی بڑی محنت اور لگن سے تیار کرتی ہیں جس سے ان کی مہارت اور کاریگری کا ثبوت ملتا ہے۔ ان کا فن اتنا وسیع ہے کہ شاید آپ کو یقین نہیں آئے کہ بغیر تربیت کے کوئی خاتون اتنا کام کیسے کرسکتی ہیں مگر شوق اور لگن کا صلہ تو انسان کو ملتا ہی ہے۔ مقامی خریدار ان کے بنائے ہوئے کیک کے دیوانے ہوچکے ہیں ۔ سب سے زیادہ اچھی بات یہ ہے کہ ان کے ہاتھ کے بنائے ہوئے کھانے جتنا زبان اور پیٹ کیلئے اچھے ہیں اتنے ہی دیدہ زیب بھی ہیں۔ ان کا ایک خاص جائنٹ پیک بہت مشہور ہے جو وہ کھانے پینے کی دوسری مختلف چیزوں سے تیار کرتی ہیں اور اسے بہت خوبصورتی سے سجاتی ہیں۔ ان کے بنائے ہوئے پیزے بھی بہت اچھے ہیں جبکہ سینڈوچز میں دہی کا استعمال انہیں مزید لذیذ بنا دیتا ہے۔ اب تو حالت یہ ہے کہ بہت سے تجربہ کار اور تربیت یافتہ بیکر بھی اکثران سے مشاورت کرتے رہتے ہیں۔