واشنگٹن ... امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک،افغان سرحدی علاقے میں ڈرون حملوں میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے، ٹرمپ انتظامیہ نے پاکستان کی ملٹری امداد بھی روکنے کا بھی عندیہ دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رسا ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ افغانستان کی جنگ میں مزید کامیابیوں کیلئے پاکستان سے متعلق پالیسی تبدیل کر رہی ہے، رپورٹ کے مطابق امریکی حکام نے نئی پالیسی کے تحت پاکستان میں زیادہ ڈرون حملے اور فوجی امداد میں کمی پر غور شروع کردیا ۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ امریکی حکام نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اب بھی دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں موجود ہیں، جہاں سے افغانستان کے اندر حملے کئے جاتے ہیں۔اعلیٰ امریکی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ امریکا افغانستان میں موجودہ حالات میں بہتری لانا چاہتا ہے اس کی خواہش ہے کہ پاکستان بھی افغانستان کی صورت حال میں بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔