Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

انڈیا میں ایک شخص نے سانپ کو دانتوں سے کاٹ کر مار ڈالا

اس واقعے کے بعد سنتوش لوہار کو ان کے ساتھیوں نے رجاؤلی ہسپتال پہنچایا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کی ریاست بہار میں ایک عجیب وغریب واقعہ پیش آیا جس میں ایک شخص نے ڈسنے والے سانپ کو اپنے دانتوں سے دو مرتبہ کاٹ کر ہلاک کر دیا۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق یہ واقعہ منگل کی شب ریاست بہار کے علاقے رجاؤلی اس وقت پیش آیا جب محکمہ ریلوے کے ملازم 35 سالہ سنتوش لوہار نیند کی تیاری کر رہے تھے۔
سنتوش لوہار گھنے جنگل میں لیٹے ہوئے تھے کہ انہیں ایک سانپ نے ڈس لیا۔ اس کے فوراً بعد انہوں نے سانپ کو دبوچ کر دو مرتبہ کاٹ لیا۔
انہوں نے سانپ کو اتنے زور سے کاٹا کہ وہ ہلاک ہو گیا۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق سنتوش لوہار نے مقامی دیومالائی تصور کے تحت یہ اقدام کیا۔ مقامی روایت کے مطابق اگر سانپ کے ڈسنے کے بعد انسان اسے کاٹ لے اس کے زہر کا اثر ختم ہو جاتا ہے۔
اس واقعے کے بعد سنتوش لوہار کو ان کے ساتھیوں نے رجاؤلی ہسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹر چندرا سنہا نے ان کا علاج کیا۔
سنتوش لوہار کو رات بھر طبی نگرانی کے بعد بدھ کی صبح ہسپتال سے واپس روانہ کر دیا گیا۔
ڈاکٹر چندرا سنہا نے بتایا کہ سنتوش لوہار کی طبیعت ٹھیک ہے تاہم ابھی تک اس سانپ کی نوع کا علم نہیں ہو سکا جس نے سنتوش لوہار کو ڈسا ہے۔

شیئر: