ملزمان صبح کے وقت واردات کیا کرتے تھے ، مسروقہ کاربھی برآمد
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) ریجنل پولیس ترجمان کرنل عاطی القرشی نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں چوری کی وارداتیں کرنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا گیا ۔ ملزمان صبح کے وقت دکانوں میں چوری کیا کرتے تھے ۔ کرنل القرشی کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ملزمان کے بارے میں پولیس کو مختلف شکایات موصول ہوئی تھی جس پر ملزمان کی گرفتار ی کےلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ۔ شہر میں گشت پر مامور پولیس موبائلز کو ہدایات دی گئی تاکہ مشکوک افراد پرنظر رکھی جاسکے ۔ پولیس اہلکار وں نے ایک مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا مگر ڈرائیور نے گاڑی روکنے کے بجائے بھگانے کی کوشش کی جس پر پولیس اہلکاروں نے اس کا تعاقب کر کے روک لیا ۔ گاڑی میں 3 ملزمان سوار تھے جن کا تعلق ایشیائی ملک سے ہے ۔ ابتدائی تحقیقات میں ملزمان نے 10 چوریوں کا اعتراف بھی کر لیا ۔ کرنل القرشی کا کہنا تھا کہ جن دکانداروں نے شکایات درج کروائی تھیں ان سے وارداتوں میں چرائی جانے والی رقوم اور دیگر اشیاءکے بارے میں تصدیق کی جو گرفتار ملزمان کی وارداتوں سے مطابقت رکھتی تھیں ۔ گرفتار ملزمان سے برآمد ہونے والی گاڑی بھی مسروقہ تھی جس پر جعلی نمبر پلیٹ لگائی گئی تھی ۔ ابتدائی تحقیقات میں ملزمان نے بتایا کہ وہ صبح کے وقت واردارتیں کیا کرتے تھے جب سب لوگ سو رہے ہوتے تھے ۔ ملزمان کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں ۔