ملک کی قومی آمدنی میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے: وزیر خزانہ
’قومی آمدنی کا 72 فیصد حصہ نان آئل انویسٹمنٹ سے ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کہا ہے کہ وژن 2030 کے اجرا کے بعد ملک کی قومی آمدنی میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وہ قطر کے دار الحکومت دوحہ میں منعقد ہونے والے اکنامک فورم سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’ہم مشرق وسطی اور خلیجی ریاستوں کی معیشت کی تشکیل نو کریں گے‘۔
انہوں نے واضح کیا کہ ’خلیجی ممالک کی کرنسی میں ٹھہراؤ کے باعث درآمدات کی لاگت میں کمی ہوئی ہے‘۔
’اس کے باوجود ہمیں عالمی معیشت میں ہونے والی تبدیلیوں کے ساتھ خود کو ہم آہنگ کرنا ہے‘۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ’سعودی عرب کی قومی آمدنی کا 72 فیصد حصہ نان آئل انویسٹمنٹ سے ہے یہی وجہ ہے کہ ہم نے تیل کی پیدوار میں 7 فیصد کمی کردی ہے‘۔