اسلام آباد..وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ جے آئی ٹی کے سامنے اپنا موقف پیش کرکے آیا ہوں۔ میرے تمام اثاثوں کی تفصیلات متعلقہ اداروں کے پاس پہلے سے موجود ہیں۔ آج پھر تمام دستاویزات جے آئی ٹی کو دی ہیں۔آج کا دن آئین اور قانون کی سربلندی کے حوالے سے سنگ میل کا درجہ رکھتا ہے۔ میں اور میرا خاندان سرخرو ہوں گے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ملک میں کوئی ایسا خاندان ہے جس کی 3 نسلوں کا حساب ہوا ہو۔جے آئی ٹی میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ میری حکومت اور خاندان نے خود کو احتساب کے لئے پیش کردیا اگر پانا مہ پیپرز کا معاملہ سامنے آنے کے بعد قومی اسمبلی میں میری دی گئی تجویز پر عمل کرلیا جاتا اور سیاسی تماشا نہ لگایا جاتاتو پانا مہ کیس کا معاملہ یہاں تک نہ پہنچتا۔انہوںنے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ شریف خاندان کا احتساب ہوا ہو۔ اس سے قبل احتساب کا سلسلہ 1966 سے شروع ہوا۔میرا پہلا احتساب 1972 میں ہوا تھا۔








