جنیوا .... بحرین نے واضح کیا ہے کہ ایران عالمی دہشتگردی کی قیادت کررہا ہے۔ اقوام متحدہ اس کے خلاف مذمت کا بیان جاری کرے۔ بحرین میں انسانی حقوق کی نگراں سوسائٹی کے سیکریٹری جنرل فیصل فولاذ اور انسانی حقوق کے حوازی مرکز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر فیصل نے انسانی حقوق کی عالمی کونسل کو مشترکہ یادداشت پیش کی ہے۔اس پر متعدد عرب و عالمی این جی اوز نے دستخط کئے ہیں۔ یادداشت میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اقوام متحدہ عالمی دہشتگردی کی سرپرستی پر ایران کی مذمت کرے ۔ ستمبر میں منعقد ہونے والے کونسل کے 36ویں سیشن کا خصوصی موضوع اسی کو بنائے۔ دنیا بھر کی این جی اوز سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ایرانی نظام کی حمایت یافتہ دہشتگرد تنظیموں اور انکی سرگرمیوں کو طشت از بام کریں۔ واضح کیا گیا کہ ایران بین الاقوامی معاہدوں ، قوانین اور اخلاقی ضوابط کو پامال کررہا ہے۔ ایران، لبنان، عراق، شام ، یمن اور بحرین میں مختلف ناموں سے دہشتگرد تنظیمیں قائم کئے ہوئے ہے۔بیروت ، کویت، راس تنورہ، جبیل، ویانا، تھائی لینڈ، مغربی جرمنی، ارجنٹائن، وینیزویلا، الخبر، افغانستان، کراچی، نیویارک، آذربائیجان، ترکی میں دہشتگردانہ حملے کراچکا ہے۔الاحواز میں عربوں ، کردوں، بلوچ اور آذربائیجانیوں کے علاقوں پر ناجائز قبضہ کئے ہوئے ہے۔ یمنی بحران سے متعلق سلامتی کونسل کی قرارداد 2216کو مسلسل پامال کررہا ہے۔