مسلمان اللہ اور اس کے رسول کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رہیں ، یوسف الدین امجد
جدہ ( امین انصار ی ) اللہ تبارک و تعالیٰ نے جب حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کو نبوت مبعوث فرمائی تو سب سے پہلا لفظ " اقرا" استعمال کرکے گویا امت محمدیہ کو تعلیم پر کی ترغیب دی ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا مفتی سید ضیاءالدین نقشبندی ( شیخ الفقہہ جامعہ نظامیہ ) نے یوسف الدین امجد جنرل سیکریٹری بزم اتحاد جدہ کی جانب سے معزز شہر یوں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کے دوران کیا ۔ مولانا نے کہا کہ ہمیں زیادہ سے زیادہ تعلیم حاصل کرنا چاہئے ۔ ہم کسی بھی فیلڈ میں ہوں اس میں کمال پیدا کریں اور اپنی شناخت بنائے رکھیں ۔ مولانا نے کہا کہ قرآن کا علم تمام علوم سے افضل ہے ۔ قیامت تک کے لئے منبع رشد و ہدایت ہے ۔قرآن کا یہ اعجاز ہے کہ اس میں دنیا کے تمام علوم پنہاںہیں بس تحقیق کی ضرورت ہے ۔ دینی مدارس اسلام کی حفاظت کے قلعے ہیں ان کی حفاظت اور ترقی ہم سب کا فریضہ ہے ۔ ناظم محمد فہیم نے کہا کہ مسلمان اپنے علماءکی قدر کریں کیونکہ ان کا علم ہمیں گمراہیوں اور بے راہ روی سے محفوظ رکھتا ہے ہمیں ان کے آگے زانوئے ادب طے کرنا چاہئے ۔میزبان محمد یوسف الدین امجد نے تمام شرکاءکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے راستوں پر سختی سے عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے ۔ اگر اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رہیں تو یقینا ہماری دین و دنیا سنور جائے گی ۔مولانا خلیل احمد اویس نے افطار سے قبل عالم اسلام کی سرخرئی اور مسلمانوں کی سر بلندی و کامیابی کیلئے دعا کی ۔ عبدالحق ہاشم نے علوم دینیہ کے محافظوں کی مدد اور تعاون سے متعلق اپنی رپورٹ پیش کی ۔ عماد یوسف امجد کے شکریہ پر ڈنر کا اختتام عمل میں آیا۔