لاہور...صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ جے آئی ٹی کنٹینر پر چڑھ گئی ۔اس میں بھی عمران خان کی روح سرایت کر گئی ہے ۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانا مہ جے آئی ٹی کی طرف سے انصاف ملنا مشکل نظر آتا ہے کیونکہ جے آئی ٹی الزام خان ذہنیت کا استعمال کر رہی ہے ۔ تمام اداروں سے بیک وقت لڑائی شروع کر دی ۔ جو خط لکھا گیا اس میں اسٹیٹ بینک ، ایف بی آر ، ایس سی سی پی اور تمام اداروں پر الزامات لگائے ہیں ۔ اداروں میں اچھے اور برے لوگ ہوتے ہیں لیکن بغیر کسی نشاندہی کے الزامات لگائے گئے۔ انہوںنے کہا کہ جے آئی ٹی نے تصویر لیک کرنے والے مجرم کو تو پکڑ لیا لیکن نام نہیں بتایا، انہیں اس کا نام ادارہ اور عہدہ بتانا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت مکمل اندھیراہے، کوئی امیدکی کرن نظرنہیں آرہی۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے بیان سے جے آئی ٹی کی نہ صرف تشفی تسلی ہو جائے گی بلکہ دل کا روگ بھی جاتا رہے گا۔