ریاض....یہاں فوجداری کی خصوصی عدالت نے ٹویٹر پرداعش کے قائد سے بیعت اور سعودی عرب میں دہشتگردانہ حملے کی حمایت کرنے والے سعودی شہری کو 14برس قید کی سزا سنادی۔عملدرآمد اعتبار گرفتاری کے وقت سے ہوگا۔ 14برس تک اسے سعودی عرب سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ٹویٹر پر اسکا اکاﺅنٹ بند کرنے کا بھی فیصلہ جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی شہری سعودی عرب کے حکام اور سیکیورٹی اہلکاروں کو کافر قرار دے رہا تھا اس نے مملکت میں دہشتگرد تنظیم کے ایک حملے کی کھلم کھلا حمایت کی تھی۔ اسکا کہناتھا کہ سعودی عرب میں مقیم تمام غیر مسلموں کا قتل حلال ہے۔ وہ ریاستی نظام کو نقصان پہنچانے والے ابلاغی مواد موبائل میں محفوظ کئے ہوئے تھا۔ اس نے ٹویٹر پر دہشتگرد تنظیم داعش کے رہنما سے بیعت کی تھی۔ اسکی مدد کا وعدہ کیا تھا وہ ٹویٹر اکاﺅنٹ کے توسط سے مقامی شہریوں کو شام میں جنگ کیلئے جانے کی دعوت دے رہا تھا۔ یہ سارے الزامات ثابت ہوجانے پر اسے فوجداری کی خصوصی عدالت نے مذکورہ سزا سنائی۔