ٹوکیو ..... اکثر افراد شادی جیسی اہم تقریبات کو یادگار بنانے کیلئے اسکی تصاویر اور وڈیوز تیار کرتے ہیں مگر شادی بیاہ کی تقریبات میں زیادہ اطمینان سے تصاویر اتروانے کا موقع نہیں ملتا اور شاید یہی وجہ ہے کہ یہاں رہنے والے ایک جوڑے نے شادی کے 2سال بعد اپنی شادی کے اہم مواقع کی تصاویر نئے سرے سے اتروانے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ نامعلوم جوڑے نے 2015ءمیں شادی کی تھی اور اب انہوں نے ایک دھماکہ کر اکے اسکے قریب کھڑے ہوکر دوبارہ اپنی تصویر اتروائی اور نیٹ پر جاری کردی۔ اس تصویر کیلئے جو منظر نامہ انہوں نے تیار کرایا تھا وہ ہالی وڈ کی کسی فلم کے سیٹ سے کم نہیں تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ زور دار دھماکے کے باوجود میاں بیوی دونوں اپنے قدم جمائے کھڑے رہے اورکسی ڈر و خوف کا اظہار نہیں کیا۔ جس جگہ یہ تصویر اتاری گئی ہے وہاں کسی زمانے میں کوئلے کی ایک کان ہوتی تھی اور کوئلہ نکالنے کیلئے چٹانوں میں دھماکے کئے جاتے تھے۔دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ اس کے شعلے 30فٹ بلند ہوئے۔ جو فوٹیج جاری ہوئی ہے اس میں دھماکے والی جگہ پر چاروں جانب گہرے بادل بھی نظر آرہے ہیں اور یہ سارا اہتمام کاسپلے نامی ایک کمپنی نے کرایا تھا جو اس قسم کی فوٹو گرافی کا خاص اہتمام کرتی ہے۔ایک تصویر اتروانے کیلئے درجنوں افراد نے کام کیااور سب کو اس کا خاطر خواہ انعام بھی شادی شدہ جوڑے نے دیا ۔