پھوپال۔۔۔۔مدھیہ پردیش حکومت کی طرف سے زرعی اشیاء کی خریداری کی کم از کم امدادی قیمت سے بھی کم قیمت پر خریدنے کے فیصلے سے نیا پنڈورا بکس کھل گیا ہے اور اب تاجروں نے حکومت کے اس اعلان کے خلاف آستینیں چڑھا لی ہیں۔تاجروں نے مختلف اضلاع میں کسانوں سے براہ راست خریداری سے انکار کردیا ہے اور یوں ریاست میں نئے زرعی بحران نے سر اٹھا لیاہے۔واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے اتوار کو امن کیلئے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال ختم کرتے ہوئے زرعی اشیاء کیلئے کم سے کم سپورٹ پرائس کا اعلان کیا تھا۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ کوئی بھی زرعی اشیاء کی قیمت اس کے معیار کے مطابق لگتی ہے۔تاجروں کی تنظیم کے صدر گوپال داس اگروال کا کہنا ہے کہ اگر ہمارے جذبات کو مجروح کیا گیا تو ہمارے لئے کاروبار کرنا مشکل ہوجائے گا۔