جدہ /اسلام آباد... وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل باجوہ پیر کو اہم دورے پرسعودی عرب پہنچ گئے۔ جدہ میں گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد فیصل نے استقبال کیا ۔وزیراعظم اپنے دورے کے دوران قطر کے تنازع پر سعودی قیادت سے بات چیت کریں گے۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز، وزیر خزانہ اسحٰق ڈار اور دیگر اہم سرکاری عہدیدار بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ سعودی عرب روانگی سے قبل نواز شریف نے عرب اور خلیجی ملکوں میں تعینات پاکستانی سفیروں کی کانفرنس سے خطاب کیا ۔کانفرنس میں خطے کی کشیدہ صورتحال پر غور کیا گیا۔گذشتہ روز پاکستان نے قطر میں پاکستانی فوجیوں کی تعیناتی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ غیر ملکی میڈیا میں ایسی خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔ اس مہم کا مقصد پاکستان اور خلیجی ممالک کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنا ہے۔