ریاض .... سعودی عریبین مانیٹری اتھارٹی (ساما) نے بینک خدمات پر فیسوں کی انتہائی حد متعین کردی اور واضح کردیا کہ کھاتہ کھولنے یا رقم نکلوانے پر کوئی بھی بینک صارف سے فیس نہیں لے گا۔ کھاتے میںبیلنس کی معمولی حد کا پاس نہ کرنے پر کھاتیدار پر کوئی فیس نہیں لگائی جاسکے گی۔ساما نے توجہ دلائی ہے کہ آئندہ 3ماہ کے دوران اسکی جانب سے جاری کردہ فیسوں کی پابندی ہوگی۔ساما کے جاری کردہ بیان سے پتہ چلا ہے کہ بینکوں کی شاخیں انٹرنیٹ یا بینک فون یا اے ٹی ایم استعمال کرنے والوں سے بھاری فیس وصول کررہی ہیں اگر کوئی کھاتیدار کسی بینک سے ایک برس سے کم مدت کی بابت بیلنس شیٹ طلب کرتا ہے تو اس سے 25ریال اور ایک سال سے 5برس تک اکاﺅنٹس کی تفصیلات لینا چاہتا ہے تو 30ریال اور 5برس سے زیادہ مدت کا حساب کتاب لینا چاہتا ہے تو 50ریال فیس وصول کی جاتی ہے۔ساما نے پابندی لگائی ہے کہ آن لائن حساب کتاب معلوم کرنے پرکوئی فیس نہیں ہوگی۔ اے ٹی ایم کارڈ اور ہر کھاتے پر کارڈ کے اجراءپر کوئی فیس نہیں ہوگی۔کارڈ کا استعمال ، اسکی توسیع اور دوبارہ اجراءپر بھی کوئی فیس نہیں ہوگی۔ سامانے کارڈ گم ہونے یا تلف ہونے یا خفیہ نمبر میں 3 مرتبہ غلطی کرنے پر نئے کارڈ کے اجراءپر 30ریال فیس مقرر کی ہے۔اضافی بینک کارڈ کے اجراءکی فیس بھی 30ریال ہی ہوگی۔ سرکاری فیسوں کی ادائیگی، پانی بجلی، فون وغیرہ مختلف خدمات کے بل کی ادائیگی پر بھی کوئی فیس نہیں ہوگی۔ایک بینک کے کھاتے سے دوسرے کھاتے میں ترسیل زر پر کوئی فیس نہیں ہوگی البتہ مملکت کے اندر ایک بینک سے دوسرے بینک میں ترسیل زر کی فیس 25 ریال ہوگی۔ یہ اس صورت میں ہوگی جبکہ سروس ایکسپریس ہو اور ادائیگی دن کے دن ہو۔ ایک دن سے تاخیر کی ترسیل پر فیس 15 ریال وصول کی جائیگی۔ کسی بھی بینک سے بیرون مملکت ترسیل زر کی فیس 75ریال اورترمیم یا منسوخی پر 25ریال وصول کئے جائیں گے۔آن لائن ترسیل زر پر ایک مقامی بینک سے دوسرے مقامی بینک کیلئے آن لائن ترسیل زر پر 7 ریال وصول کئے جائیں بشرطیکہ ترسیل دن کے دن ہو اور اگر ایک دن سے تاخیر پر ہو تو 5ریال فیس ہوگی۔بیرون مملکت آن لائن ترسیل کی فیس 50ریال، ترمیم اور منسوخی پر 15 ریال لئے جائیں گے۔خلیجی ممالک کے کسی اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے پر 10ریال اور اے ٹی ایم سے بیلنس دریافت کرنے پر 3ریال وصول کئے جائیں گے۔البتہ کارڈ کے ذریعے کسی بھی خلیجی ملک میں خریداری پر کوئی فیس نہیں ہوگی۔خصوصی کارڈ کے ذریعے غیر ملک میں پیسے نکلوانے پر 25ریال وصول کئے جائیں گے۔ کریڈٹ کارڈ سے زیادہ سے زیادہ 5ہزار ریال نکالنے پر 75ریال فیس ہوگی اور 5ہزار ریال سے زیادہ رقم نکالنے پر 3فیصد وصول کئے جائیں گے۔ اسکی انتہائی حد300ریال ہوگی۔اے ٹی ایم سے کریڈٹ کارڈ بیلنس دریافت کرنے کی فیس 3.5ہوگی۔