پٹنہ۔۔۔۔راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالو پرساد نے اتوار کو اپنی 70ویں سالگرہ منائی۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں 2019کے لوک سبھا انتخابات سے پہلے غیر بی جے پی جماعتوں کو متحد کرونگا۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار اتوار کو لالو کی سرکاری رہائش گئے جہاں انہوں نے 30منٹ تک بات چیت کی۔ بعد میں وزیر اعلیٰ نے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں لالوجی کی سالگرہ کی مبارکباد دینے گیا تھا۔انہوں نے اپنے کالج کے دنوں سے ہی بہار کی سیاسی اور سماجی ترقی میں بڑا کردار ادا کیا ہے۔لالو نے اس کے جواب میں کہا کہ میں نتیش کمار ، اتحاد کے دوسرے رہنماؤں ،پارٹی کے ہزاروں کارکنوں، حامیوں اور ہمدردوں کا شکر گزار ہوں جو آج صبح میرے گھر آئے۔ ہم بہار اور دیگر علاقوں میں بی جے پی کے چیلنج سے نمٹتے رہیں گے۔میں نے اگست میں ایک ریلی کا اہتمام کیا ہے جس میں غیر بی جے پی جماعتوں کے تمام اعلیٰ رہنما شریک ہونگے۔دریں اثنا سالگرہ کے موقع پر لالو کی رہائش پر بے شمار تازہ پھول نظر آئے۔لالو نے اپنے اہلیہ اور سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی ، چھوٹے بیٹے اور نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو اور بیٹی راجیہ سبھا کی رکن نیشا بھارتی کے ساتھ سالگرہ کا کیک کاٹا۔ وہ آج دن میں ایک اور کیک کاٹیں گے جو 70پونڈ وزنی ہے۔