لندن...... برطانیہ میں پارکنگ کا مسئلہ پیچیدہ سے پیچیدہ تر ہوتا جارہا ہے۔جگہیں کم ہوتی جارہی ہیں۔ گاڑیوں کی تعداد بڑھ رہی ہے نتیجہ یہ ہے کہ لوگوں کا اچھا خاصا وقت گاڑیاں پارک کرنے میں صرف ہوتا ہے اور اس صورتحال میں وہ کہیں بھی گاڑیاں کھڑی کردیتے ہیں یا غلط راستے سے کسی پارکنگ لاٹ پر پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں اور ٹریفک وارڈن انہیں جرمانے کی پرچی تھما دیتا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق کم از کم 40گاڑیوں کا چالان روزانہ ہورہا ہے جسکی وجہ سے چالان سے ہونے والی سالانہ آمدنی 13لاکھ پونڈ تک پہنچ گئی ہے۔ صرف ایسٹ لندن کے علاقے میں وارڈن نے ایک سال کے دوران 19365چالان کاٹے۔ اسکے بعد لندن کے ڈربی ریلوے اسٹیشن کے علاقے میں ٹریفک خلاف ورزیاں زیاد ہوئیں۔ دوسرے چھوٹے چھوٹے علاقے بھی گاڑیوں کا چالان کرکے سالانہ10لاکھ سے 14لاکھ پونڈ تک رقم حاصل کررہے ہیں اور یہ سلسلہ روکے نہیں رک رہا۔