مدینہ منورہ میں ’بدر کا راستہ‘ زائرین کے لیے کھول دیا گیا
’بدر کا راستہ‘ منصوبہ واکنگ ٹریک اور اونٹوں پر زائرین کو بدر کے تاریخی مقام تک لے جائے گا‘ ( فوٹو: سبق)
گورنر مدینہ منورہ شہزادہ سلمان بن سلطان بن عبد العزیز نے نئے تاریخی اور تفریحی منصوبے ’بدر کا راستہ‘ کا افتتاح کردیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق افتتاحی تقریب میں وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ اور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سربراہ انجینئر فہد البلیہشی بھی موجود تھے۔
’بدر کا راستہ‘ منصوبہ واکنگ ٹریک اور اونٹوں پر زائرین کو بدر کے تاریخی مقام تک لے جائے گا۔
بدر کا راستہ منصوبہ ہائیکنگ اور مہم جوئی کے شوقین افراد کے لیے انتہائی مناسب اور پر امن ماحول میں فراہم کرے گا جس میں قدرتی حسن سے لطف اندوز ہونے کا بھی موقع ملے گا۔
گورنر مدینہ منورہ شہزادہ سلمان بن سلطان کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا ہے کہ بدر کے راستے میں 40 سے زیادہ تاریخی مقامات ہیں جن کا تعلق غزوہ بدر سے ہے۔
بدر کا راستہ 175 کلو میٹر پر مشتمل ہوگا جس میں 25 دیہی علاقے بھی آتے ہیں۔
اونٹوں پر سیر تفریح کرنے والوں کے لیے 4 دنوں کا پروگرام رکھا گیا ہے، پہلے دن انہیں وادی ملل میں رات گزارنی ہوگی، دوسرے دن روحا کنویں کے پاس، تیسرے دن خیف الحزامی جبکہ چوتھے دن وادی ذفران میں رات گزارنی ہوگی۔
بدر کے راستے کی پہلے سفر میں سعودی عرب، امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، جرمنی، ملائیشیا، انڈونیشیا، مصر اور لبنان سے تعلق رکھنے والے 25 افراد نے شرکت کی ہے۔