ریاض.... وزارت داخلہ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب میں اقامہ قوانین اور غیر ملکیوں کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں ہورہی ۔ سوشل میڈیا پر اس حوالے سے جو کچھ پھیلایا جارہا ہے وہ بے بنیاد ہے۔ وزارت داخلہ نے اعلامیہ میں کہا کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا میں افواہ گردش کرتی رہی کہ وزارت داخلہ اقامہ قوانین اور مملکت میں غیر ملکیوں کے قیام کے متعلق نئے قوانین کا اعلان کرنے والی ہے۔ افواہیں پھیلانے والوں نے یہاں تک لکھا ہے کہ اقامہ قوانین کی کونسی نئی شقیں متعارف کی جارہی ہیں۔ وزارت داخلہ سوشل میڈیا صارفین کو آگاہ کرنا چاہتی ہے کہ سرکاری خبروں کے مستند ذرائع سے معلومات حاصل کی جائیں۔ وزارت داخلہ ہر نئے قانون کے مطابق سرکاری میڈیا میں اعلامیہ جاری کرتی ہے ۔ شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو چاہیئے کہ وزارت داخلہ کی آفیشل ویب سائٹ کے علاوہ سوشل میڈیا میں وزارت کے آفیشل اکاﺅنٹس سے صحیح معلومات حاصل کریں۔ اسکے ساتھ ہی وزارت داخلہ افواہیں پھیلانے والوں کو خبردار کرتی ہے کہ سرکاری اداروں کے حوالے سے افواہیں پھیلانا قابل سزا جرم ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر اقامہ فیس میں کمی اور وزٹ ویزے کی سہولتوں کے حوالے سے بے بنیاد خبریں پھیلائی گئی تھیں۔