قتل و ڈکیتیوں میں ملوث 5 رکنی گروہ کی سزائے موت پر عمل درآمد
گروہ کے ارکان نے ایک غیرملکی کو لوٹنے کے بعد اسے قتل بھی کیا تھا(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز عسیر ریجن میں مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث 5 غیرملکیوں کی سزائے موت پرعمل درآمد کردیا گیا۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری تفصیلی بیان میں کہا گیا ہے کہ پانچ غیرملکیوں پر مشتمل گروہ جو مختلف نوعیت کی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث تھا کو قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
گروہ پر الزام تھا کہ انہوں نے ایک غیرملکی کو لوٹا اور اسے قتل کردیا تھا جبکہ مسلح ڈکیتی اور لوٹ مار کے دیگر مقدمات میں بھی وہ قانون کو مطلوب تھے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث پانچوں کا تعلق یمن سے تھا۔ گروہ کے پانچوں ارکان پرایک غیرملکی احمد حسین صالح العرادی کے قتل کا جرم ثابت ہونے اور مسلح ڈکیتی کی مختلف وارداتوں میں ملوث رہنے کا ثبوت عدالت میں پیش کیا گیا جس پر عدالت نے ان کے خلاف سزائے موت کا حکم صادر کردیا۔
عدالتی فیصلے کو اپیل کورٹ نے بھی بحال رکھا بعدازاں ایوان شاہی سے بھی اس کی توثیق ہونے کے بعد سزائے موت کے حکم پربدھ کے روز عمل درآمد کردیا گیا۔